• news

حکومت مالیاتی ایوارڈ کے درپے‘ غیر آئینی قدم اٹھایا تو بڑی تحریک چلائیں گے: بلاول

لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندہ خصوصی) چیئرمن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے شعبہ اطلاعات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تیاری کر لیں، حکومت نے غیرآئینی قدم اٹھایا تو بڑی تحریک چلائیں گے۔ تحریک انصاف حکومت این ایف سی اور صوبائی خود مختاری کے درپے ہے۔ حکومت کے غیر آئینی اقدامات کو روکنے کیلئے تمام اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ آئین کے تحفظ اور صوبوں کے حقوق کیلئے اگر تنہا تحریک چلانی پڑے تو چلائیں گے۔کرونا کی وبا ہماری جدوجہد کے آڑے نہیں آئے گی۔ ہم ایس او پیز کے ساتھ تحریک چلا کر دکھائیں گے۔کلبھوشن کے معاملے پر خفیہ آرڈیننس جاری کیا گیا۔حکومت نے کلبھوشن کے آرڈیننس پر پارلیمنٹ کو اعمتاد میں ہی نہیں لیا۔ کہتے ہیں کلبوشن کا معاملہ حساس معاملہ تھا۔ کے الیکٹرک اور ابراج گروپ کے معاملے میں عمران خان کا نام آ رہا ہے۔آج تک ہم پر جھوٹے الزامات لگا کر شور مچایا گیا۔ آج ہر سکینڈل میں عمران خان کے ساتھیوں کا نام آ رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ دعویٰ کیا جاتا ہے پیپلز پارٹی کچھ نہیں۔ تنقید سے فرق نہیں پڑتا۔ حکومت نے وقت اور وسائل پیپلز پارٹی پر حملوں میں ضائع کئے۔ پیپلز پارٹی کی کوئی حیثیت نہیں تو کیوں وزیراعظم کے دماغ پر سوار ہے۔ سندھ سے باہر خطرہ نہیں تو وزیراعظم خود کو غیر محفوظ کیوں تصور کر رہے ہیں؟۔ دریں اثناء بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی کی میڈیا میں حکمت عملی کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مولا بخش چانڈیو، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، منور انجم، پلوشہ خان، ناصر شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، مرتضی وہاب، بیرسٹر عامر حسن اور حسن مرتضی بھی ویڈیو لنک اجلاس میں موجود تھے۔ اجلاس میں حکومتی نااہلیوں اور کرپشن کو عوام کے سامنے اجاگر کرنے کی حکمت عملی پر گفتگوہوئی جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی عہدیداران نے میڈیا منجمنٹ کے حوالے سے اپنی کاوشوں سے آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن