ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرانے کیلئے مخبری کرنیوالے کو پھانسی
تہران (نیٹ نیوز) ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مخبر کو پھانسی دے دی۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی شہری سابق مترجم محمد موسوی ماجد کے امریکی سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس موساد سے روابط تھے۔ ایرانی میڈیا کا بتانا ہے کہ موسوی ماجد نے سکیورٹی حکام، مسلح افواج اور بالخصوص جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات سی آئی اے اور موساد کو فراہم کی تھیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے موسوی ماجد نے عراق میں داعش کے خلاف لڑنے والے قدس فورس کے کمانڈر کے ٹھکانے کا راز افشا کیا تھا۔ حکام کے مطابق موسوی نے ڈرون حملے میں مارنے کیلئے جنرل قاسم سلیمانی کی لوکیشن کے بارے میں معلومات فراہم کی تھیں۔ واضح رہے کہ امریکا نے رواں برس 3 جنوری کو عراق کے شہر بغداد میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں جنرل قاسم ساتھیوں سمیت جاں بحق ہوگئے تھے۔