بلاول‘ شہباز ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے‘ اپوزیشن کا اونٹ کھڑا رہے گا: فیاض چوہان
لاہور (نیٹ نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات نے فیاض الحسن چوہان کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو آصف زرداری کنٹرول کر رہے ہیں، وہ شہباز شریف کے ساتھ کبھی بیٹھ نہیں سکتے۔ اپوزیشن کا اونٹ کھڑا رہے گا، کسی کروٹ نہیں بیٹھے گا۔ بلاول بھٹو اور شہباز شریف ایک دوسرے کو دھوکا دے رہے ہیں۔ شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان ٹیلیفونک رابطوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ اے پی سی کو اپوزیشن نے بدنام کیا ہے۔ اپوزیشن کبھی ایک نہیں ہو سکتی۔ سیاسی یتیمی کے دور سے گزرتے ہوئے شہباز شریف اور بلاول زرداری کو ایک دوسرے کا غم اور کہانی سانجھی معلوم ہو رہی ہے۔ ان دونوں کی کہانی کرپشن اور غم احتساب کا ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ چالاکی اور موقع پرستی کی سیاست کرنے کے چکر میں ہیں۔ منظور پاپڑ فروش جیسے کردار سامنے آنے پر اپوزیشن کے آپس میں رابطے بڑھ جاتے ہیں۔ اے پی سی کو جتنا غیر متحدہ اپوزیشن نے بدنام کیا، شاید ہی کسی نے کیا ہو۔