ڈاکٹر قدیر تمام تنازعات سے بالاتر قابل عزت شہری، سپریم کورٹ، وکیل کی ملاقات کیلئے انتظامات کی ہدایت
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی آزادانہ نقل و حرکت سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وکیل کی ڈاکٹرعبدالقدیر خان سے ملاقات کیلئے انتظامات کئے جائیں۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی۔ جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان قومی ہیرو ہیں، قومی ہیرو نہ بھی ہو تو ملک کے شہری تو ہیں، اٹارنی جنرل نے کہا کہ عبدالقدیر خان سے متعلقہ افسروں کے ساتھ میری دو مرتبہ ملاقات ہوئی ہے۔ ڈاکٹر صاحب کے کچھ تحفظات دور کردیئے گئے ہیں جبکہ باقی پر پیشرفت جاری ہے۔ یہ قومی مفاد کا معاملہ ہے۔ دوستانہ ماحول میں ڈاکٹر عبدالقدیر سے گفتگو ہوئی، اس دوران وکیل توصیف آصف کا کہنا تھا کہ 24 جون کو موکل سے ملنے کی درخواست دی اور کل ملنے کیلئے کہا گیا ہے۔ جسٹس قاضی محمد امین نے کہا کہ ڈاکٹر قدیر تمام تنازعات سے بالاتر قابل عزت شہری ہیں۔