سینئر صحافی مطیع اللہ جان اغوا‘ رات گئے گھر پہنچ گئے
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ وقائع نگار خصوصی) تھانہ آبپارہ کے سیکٹر جی سکس ون تھری میں سینئر صحافی مطیع اللہ جان کو گزشتہ روز نامعلوم افراد نے اغوا کر لیاتاہم انہیں رات گئے فتح جنگ کے قریب چھوڑ گئے اور بھائی انہیں لے کرگھر پہنچ گئے۔ واقعات کے مطابق مطیع اللہ جان ایف جی گرلز پرائمری سکول میں اپنی اہلیہ کو لینے کیلئے اپنی گاڑی میں سکول کے گیٹ پر پہنچے تھے کہ کچھ دیر ہی بعد چند گاڑیوں میں سوار نامعلوم افراد آئے اور مطیع اللہ جان کو اپنی گاڑی میں بٹھا کر لے گئے۔ مطیع اللہ جان کے بھائی شاہد اکبر کی جانب سے تھانہ آبپارہ میں دی گئی درخواست پر مقدمہ نمبر264/20 زیر دفعہ 365ت پ درج کر لیا گیا۔ مزید برآں ہائیکورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن نے گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں مطیع اللہ جان کے اغوا کے واقعہ پر ایک درخواست دائر کی جس پر ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ‘ چیف کمشنر اسلام آباد‘ آئی جی اسلام آباد کو آج بروز بدھ طلب کر لیا ۔وزیراعظم نے واقعہ کا نوٹس لیا اور شہزاد اکبر کو فون پر جلد بازیابی کی ہدایت کی۔وزیر اطلاعات شبلی فراز ، وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چودھری نے واقعے کو افسوسناک قرار دیا ۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور دیگر نے واقعہ پر اظہار تشویش کیا۔ اپوزیشن ارکان نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ بھی کیا۔بازیابی کے بعد مطیع اللہ کے بھائی نے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں۔