• news

معذور بچوں کا ادارہ چلانے والی سسٹر رتھ لیوس کرونا سے انتقال کر گئیں ‘ گمنام ہیرا کھو دیا : بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں ذہنی و جسمانی معذور بچوں کے ادارے دارالسکون کی انچارج سسٹر رْتھ لیوس کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئیں۔ دارالسکون انتظامیہ کے مطابق سسٹر رْتھ لیوس میں8 جولائی کو کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ انتظامیہ کے مطابق سسٹر رْتھ لیوس کا کل رات انتقال ہوا اور ان کی آخری رسومات کل دوپہر 2 بجے خداداد کالونی کے کرائسٹ دی کنگ چرچ میں ادا کی جائیں گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دارالسکون میں 21 بچے بھی کرونا سے متاثر ہیں اور سسٹر رْتھ لیوس ان بچوں کی دیکھ بھال کے دوران کرونا سے متاثر ہوئیں، کرونا سے متاثر تمام بچوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ 2 مئی 1946کو کراچی میں پیدا ہونے والی سسٹر رْتھ لیوس دارالسکون میں 50 سال سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے سسٹر رتھ لوئیس کے انتقال پر پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نے اپنا ایک اور گمنام ہیرو کھو دیا۔ سسٹر رتھ لوئیس نے پوری زندگی دارالسکون کے بچوں کی خدمت میں وقف کر دی۔ اہلیان پاکستان کو سسٹر رتھ لوئیس کی زندگی سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن