• news

عید سے 3 دن پہلے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ معاشی قتل‘ احتجاج کرینگے: تاجر

لاہور (کامرس رپورٹر) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے عید الاضحی سے تین روز قبل کاروبار بند کرنے کے فیصلے کو تاجروں کے معاشی قتل کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی پالیسیاں نافذ کرنے کیلئے تاجروں کا قصہ ہی تمام کر دے۔ کاروبار کھولنے کے حوالے سے حکومت کی آدھا تیتر اور آدھا بٹیر والی پالیسی نے تاجروں کی کمر توڑ دی ہے۔ فیصلے کے خلاف تمام تاجر تنظیمیں احتجاج کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر محبوب علی سرکی، نعیم بادشاہ، خواجہ ندیم، حافظ عطاء الرحمان جٹ، شہزاد بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی بھی فیصلے سے قبل تاجروں کو اعتماد میں لینے کی بجائے سولو فلائٹ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کے ذمہ داران بازاروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کا خود معائنہ کر لیں اور خلاف ورزی کی نشاندہی کریں۔ عید الفطر کے مقابلے میں عید الاضحی پر کاروبار صرف 30فیصد تک ہوتا ہے اور ایسے میں تین روز قبل کاروبار بند کرنے کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن