• news

کوئٹہ میں بم دھماکہ، ایک جاں بحق، 7 زخمی، ملک دشمن سخت سزا کے مستحق: وزیر داخلہ

کوئٹہ ‘ اسلام آباد(آئی این پی‘ نیوز رپورٹر‘ نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ کے تربت بازار میں بم دھماکے سے ایک شخص جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے تربت بازار میں ایک گاڑی کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس سے گاڑی میں آگ لگ گئی اور دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔دھماکے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو حکام موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ بی ڈی ایس کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔سیکیورٹی حکام نے تصدیق کی ہے ۔یہ ایک پلانٹڈ دھماکا تھااور دھماکا خیز مواد کسی چیز میں نصب کیا گیا تھا تاہم دھماکا خیز مواد کسی گاڑی یا زیر زمین نصب کیا گیا اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں گی۔وزیراعطم نے تربت میں ہونیوالے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے دھماکے میں ہونے والے مالی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی۔مزید برآںچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے تربت بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں چیرمین سینٹ نے قیمتی انسانی جا نوںکے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔دوسری جانب وزیرداخلہ اعجاز احمد شاہ نے تربت میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کر تے ہو ئے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث لوگ ملک دشمن اور سخت سزا کے مستحق ہیں۔ منگل کو ایک بیا ن میں انہوں نے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہو ئے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ انہوںنے کہا ملک میں امن و امان کی بہتری ملک دشمن عناصر کو کھٹک رہی ہے شر پسند عناصر کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن