• news

بارش سے تباہی، چھتیں، دیواریں گرنے، کرنٹ لگانے سے 32 افراد جاں بحق

لاہور‘ قصور‘ ملتان‘ فیصل آباد (نامہ نگاران‘ سپورٹس رپورٹر‘ نمائندہ نوائے وقت) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش کے نتیجہ میں کم از کم 32 افراد چھتیں دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے کے واقعات میں جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔ لاہور میں تیز آندھی اور بارش سے سائن بورڈ گرنے اور کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوگئے، جن کو طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مانگا منڈی کے علاقے میں کھمبے سے کرنٹ لگنے سے 30 سالہ نوجوان شیرازی بری طرح جھلس کر زخمی ہوگیا، مقامی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسکی موت کی تصدیق کردی، کاہنہ میں پانی کی موٹر میں کرنٹ آجانے سے 40 سالہ شخص جھلس کر ہلاک ہوگیا جبکہ آندھی کے باعث سائن بورڈ گرنے سے ٹاؤن شپ کے علاقے میں 3 افراد زخمی ہوگئے، ہنجروال کے علاقے میں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 2 نوجوان زخمی ہوگئے، ہربنس پورہ میں ٹریفک حادثے میں 4 افراد زخمی ہوگئے جن کو امدادی ٹیموں نے طبی امداد کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کردیا۔ شاہدرہ کے علاقے میں جنگلے میں کرنٹ آنے سے 20 سالہ نوجوان عرفان جھلس کر زخمی ہوگیا، فیروز پور روڈ پر دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے کے باعث2افراد زخمی ہوگئے، ملتان روڈ پر آندھی کے باعث چنگ چی رکشتہ الٹ گیا جس کے نتیجے میں3 افراد زخمی ہوگئے۔ سرائے مغل سے نامہ نگار کے مطابقنواحی گائوں گھمن کلاں میں شدید بارش سے خستہ حال مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے آ کر دس سالہ بچہ عمران موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ بچے کا باپ طفیل اور سات سالہ بچہ علی شدید زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد کے ایک ہی خاندان کے 7افراد بھی شامل ہیں۔ فیصل آباد میں طوفانی بارش کے باعث مختلف مقامات پر گھروں کی چھتیں گرنے سے ملبے تلے دب کر ماں، دو بیٹے اور سات بہن بھائی جاں بحق جبکہ درجن بھر افراد بری طرح زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کو ملبے تلے سے نکال کر طلبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ شدید بارش کے باعث بڑا گنگنا عباس روڈ پر محنت کش وریام کے گھر کی خستہ حال چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 17 سالہ سائرہ، 9 سالہ نسیم اور ان کا 13 سالہ بھائی رضوان موقع پر جاں بحق جبکہ 18 سالہ مریم، 8 سالہ ملامل، ان کی والدہ 42 سالہ نسرین اور 45 سالہ محمد حسین بری طرح زخمی ہو گئے۔ جبکہ تھانہ باہلک کے علاقہ ٹھٹھہ بیگ دھوپ سڑی میں بھی خستہ حال گھر کی چھتیں گرنے سے ملبے تلے دب کر 40 سالہ غلام فاطمہ زوجہ اشرف اور اس کے دو بیٹے 12 سالہ خرم شہزاد اور 14 سالہ مہدی حسن زندگی کی بازی ہار گئے اور ان کی بہنیں 17 سالہ کنیز فاطمہ بری طرح زخمی ہو گئی اور دوسرے کمرے کی چھت گرنے سے اس کے بھائی ظفر اقبال کے چار بچے تین بیٹیاں 17 سالہ بشیراں، 15 سالہ جنت، 14 سالہ فرزانہ اور ان کا 12 سالہ بھائی یاسر اقبال جاں بحق ہو گئے جبکہ 90 سالہ انور بی بی اور 8 سالہ ناصر کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ علاوہ ازیں دیگر واقعات میں کینال روڈ پر واقع انٹرنیشنل ہسپتال کے ایک کمرے کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 55 سالہ انور سکنہ جھمرہ شاہین آباد میں خستہ حال گھر کی دیوار گرنے سے 26 سالہ اشرف، 74 ج ب میں 40 سالہ سجاد، ڈھڈی والا میں 20 سالہ احتشام زخمی ہو گئے۔ مقبول روڈ پر فیکٹری کے کوئلہ کے گودام کی دیوار گر گئی جبکہ کئی دیگر مقامات پر گھروں کی چھتیں دیواریں اور پردے گر گئے۔ شدید بارش کے باعث تین خاندانوں کے 11 افراد کی ہلاکت پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ پاکپتن کے نواحی گائوں جمن شاہ میں تیز بارش سے مکان کی چھت گر گئی اور ملبے تلے دب کر خاتون جاں بحق اور دو بچوں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ وہاڑی میں کرنٹ لگنے سے 2افراد جان کی بازی ہارگئے۔ چنیوٹ جھنگ روڈ پر بھی کرنٹ لگنے سے 14 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔ قصور کے مختلف علاقوں میں بھی طوفانی بارش سے 3 چھتیں گرگئیں جس سے 2 خواتین سمیت 3 افراد دم توڑ گئے۔ وزیراعلی پنجاب نے حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے زخمی افراد کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پنجاب میں این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ علاقوں‘ اداروں کو کسی بھی ہنگالی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جڑانوالہ موسلاھار تیز آندھی کے باعث چھتیں گرنے ، کرنٹ لگنے سمیت دیگر حادثات میں 4سالہ بچہ جاں بحق، متعدد زخمی، بتایا گیا ہے کہ جڑانوالہ میں 2روز سے جاری تیز بارش اور آندھی کے باعث الیکٹرک چیزیں شارٹ ہونے کی وجہ سے تھانہ روڈالہ کے نواحی گائوں چک نمبر 583گ ب کے شاہنواز کا بیٹا ،4سالہ اویس کیبل کو ہاتھ لگانے لگا کرنٹ لگنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ 210ر۔ب لکھوآنہ میں خستہ حال مکان کی چھت تیز آندھی کے باعث گر گئی ، چھت کے تلے ایک ہی خاندان کے فتح بی بی 70سال، بشیراں بی بی ، ثوبیہ ، شہناز، زوہیب ، اریب زخمی ہوگئے۔وہاڑی شہر اور نواح میں کئی گھنٹے طوفانی بارش مختلف واقعات میں 3 افراد زخمی 2 جاں بحق ………متعدد گھروں کی دیواریں گرگئیں 3 کی چھتیں اڑ گئیں۔ گزشتہ رات تقریباً 8 گھنٹے تک مسلسل تیز بارش نے معمولات زندگی کو معطل کردیا۔ نشیبی علاقے زیر آب آگئے تین مرلہ ہائوسنگ سکیم چک نمبر نو اور گیارہ ڈبلیو بی میں ٹرانسفارمرز اور بجلی کے کھمبوں پر لگے بجلی میٹرز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی کئی درخت کار اور کیری ڈبہ پر آگرے جس سے مبینہ طور پر 3 افراد زخمی ہوگئے۔ شہر کی اکثر گلیوں سڑکوں اور چوراہوں میں کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے درجنوں مقامات پر 15 کے قریب درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ دو گھروں کی دیواریں اور 4 مخلتف گھروں کی چھتیں اڑ گئیں۔ قبرستانوں میں بھی بارش کے پانی سے درجنوں قبریں منہدم ہو گئی ہیں بارش کے فوری بعد صبح کے وقت کارخانہ بازار میں غلہ منڈی کے گیٹ کے سامنے مبینہ طور پر چک نمبر 47 ڈبلیو کا رہائشی نوجوان محمد ساجد اپنی ملک شیک کی دوکان کھولنے لگا تو شٹر سے کرنٹ لگنے پر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ مسلم لیگ ن کا دیرینہ کارکن اور غلہ منڈی کا تاجر راؤ عبداللہ طیب جو وہاں سے گزر رہا تھا بھی مبینہ طور پر بجلی کا جھٹکا لگنے سے گرنے والے نوجوان کو بچانے کی کوشش میں زد میں آکر جاں بحق ہوگیا جس سے وہاڑی کی فضاء سوگوار ہوگئی ہے۔ بوریوالا شدید بارش کے باعث کرنٹ لگنے اور چھت گرنے سے دو افراد جاں بحق ہو گئے کرنٹ لگنے سے محسن سکنہ مرضی پورہ جاں بحق ہو گیا۔ بورے والا کے نواحی گاؤں 415 ای بی میں چھت گرنے سے ملبے کے تلے دب کر غلام مرتضیٰ‘ مدینہ کالونی کا رہائشی محسن علی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ تھانہ نیو ملتان کے علاقے میں چھت گرنے سے 20 سالہ محسندب کر چل بسا‘ کرم پور میں کرنٹ لگنے سے جامع مسجد اویسہ کے مؤذن حکیم محمد بخش‘ وہاڑی میں دکان کے شٹر میں کرنٹ لگنے سے دو دوست مسلم لیگی رہنما راؤ محمد طیب جمیل اور محمد ساجد جاں بحق ہو گئے کبیروالہ میں نویں جماعت کی طالبہ مجاہد اقبال سعیدی کی بھتیجی اور ظفر اقبال کی بیٹی چل بسی۔ خیرپور ٹامیوالی سے نامہ نگار کے مطابق جوگیت پیر کے رہائش محمد اظہر بلوچ کی دو سالہ بیٹی گھر کے صحن میں کھیل رہی تھی کہ اس کا ہاتھ اچانک زمین پر پڑی بجلی کی ننگی تار سے ٹکرا گیا جس کے نتیجہ میں بچی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی ۔ اوچ شریف سے خبر نگار کے مطابق اوچشریف کے نواحی علاقے موضع ککس میں موجود الرحمن کاٹن فیکٹری کی دیوار گرنے سے وہاں پر کام کرنے والا علی پور کے شہر شہر سلطان کا رہائشی چالیس سالہ مزدور محمد رفیق نیچے دب گیا اطلاع پر مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 ادارے کے اہلکاروں نے نکالا جو جاں بحق ہو چکا تھا جس کی نعش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ساہیوال میں بارش کے دوران نواحی چک148۔نو۔ایل میں ایک35سالہ نوجوان جاوید مسیح بجلی کا جھٹکا لگنے سے ہلا ک ہو گیا۔ متوفی بارش کے دوران نہا رہا تھا کہ اس نے گیلے ہاتھوں سے بجلی کی تار کو چھوا تو اسے جھٹکا لگا۔ متوفی کی لاش ڈسٹر کٹ ھیڈ کوارٹر ہسپتال ساہیوال پوسٹ مارٹم کے لئے پہنچا دی ہے۔ مو ضع جمن شاہ میں ایک مکان کی چھت گر نے سے ایک محنت کش کی بیوی حمیداں ہلاک ،اسکا خاوند اور دو بچیاں شدید زخمی ہو گئے۔ گگو منڈی میں بھی طوفانی بارش کے نتیجہ میں مکان کی چھت گر گئی ایک شخص جاں بحق۔ گزشتہ رات نواحی گائوں415۔ای بی میں طوفانی بارش کے نتیجہ میں غلام مرتضٰی ولد ذولفقار کے مویشیوں والے احاطہ کی چھت گر گئی اور غلام مرتضٰی چھت کے نیچے دب کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا ننکانہ صاحب میں بارش کے باعث حویلی کی دیوار گر گئی ملبے تلے دب کر 24مویشی شدید زخمی جبکہ پانچ مویشی ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔ نواحی گائوں نکودر پل میں گزشتہ رات ہونے والے موسلا دھار بارش کے باعث حویلی کی دیوار گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 29مویشی شدید زخمی ہوگئے۔ اطلاع پاکر ریسکیو1122 ننکانہ صاحب کا عملہ موقعہ پر پہنچا، ریسکیو ذرائع کے مطابق 24مویشیوں کو زندہ جبکہ 5مویشیوں کو مردہ حالت میں ملبے تلے سے نکال کر مالکان کے حوالے کیا گیا ہے۔ کوٹ رادھا کشن کے نواحی گاوں چھینہ اوتاڑ میں پانچ بچوں کا باپ 55سالہ محمداسلم کمرے کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوگیا محمداسلم گذشتہ رات اپنے مویشوں کے کمرے میں سویا ہواتھا کہ اچانک شدید بارش کی وجہ سے کمرے چھت اور دیواریں زمین بوس ہوگیں جس کے باعث محمداسلم ملبے نیچے آکر ہلا ک ہوگیا محمداسلم پانچ بچوںکا باپ اور گھر کا واحد کفیل تھا اسکی ناگہانی موت سے گھر میںکہرام مچ گیا۔سرائے مغل بارش سے چھت گرنے سے ایک بچہ ہلاک دو زخمی ہو گئے۔ نواحی گائوں گھمن کلاں میں شدید بارش سے خستہ ہال مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے آ کر دس سالہ بچہ عمران موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ بچے کا باپ طفیل اور اسکا سات سالہ بچہ علی شدید زخمی ہو گئے۔بارش کے دوران بجلی کے تار سے کرنٹ لگنے سے 35 سالہ شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ نواحی گاؤں 148/9-L کا رہائشی 35 سالہ جاوید بارش کے دوران اپنے گھر سے پانی نکال رہا تھا کہ اس دوران بجلی کی ننگی تار کو چھوتے ہی اسے زوردار کرنٹ لگا جس کے نتیجہ میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ قصور اورگردونواح میں بارش کے باعث چھت گرنے کے مختلف واقعات میں ایک جواں لڑکی سمیت تین افراد جاںبحق اورتین بہنوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے ۔گھمن کلاں میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے ملبے تے دب کر جواں سالہ عثمان احمد جاں بحق جبکہ اسکا باپ طفیل اور بھائی علی احمد زخمی ہوگئے اور نواحی گاوں بدوکی میں بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے پچاس سالہ محمد اسلم موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ چاہ مالی والا کھڈیاں خاص میں امانت علی اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھر میں موجود تھا کہ بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے چودہ سالہ شازیہ بی بی ملبے تلے دب کرجاں بحق ہو گئی جبکہ اسکی تین بہنیں اٹھارہ سالہ مافیہ بی بی، بارہ سالہ رخسانہ بی بی اور تیسری بہن سولہ سالہ شافیہ بی بی شدید زخمی ہوگئی۔ اسی طرح بدوکی چھانگا مانگا میں مال مویشیوں والی حویلی کی چھت گرنے سے عابد نامی شخص موقع ہی دم توڑ گیا جبکہ اسکے دو بھائی اٹھائیس سالہ محمد یوسف اور تیس سالہ عمران احمد شدید زخمی ہوگئے۔نواحی گاؤں بوپڑہ کلاں میں رمضان نامی محنت کش کے گھر کی کمزور چھت گر گئی جس سے کمرے میں موجود اسکی تیس سالہ بیوی اللہ رکھی، دس سالہ بیٹی فاطمہ اور آٹھ سالہ بیٹی نور ایمان معمولی زخمی ہو گئیں۔محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخواہ، بلوچستان اور سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ موسمیات کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبہ پنجاب میں خطہ پوٹھوہار، نارووال، سیالکو ٹ، گجرات ،گوجرانوالہ ، لاہور، قصور ،اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور اوربہاولنگر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد اور ہری پور میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان: صوبہ کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہیگا۔ تاہم بارکھان ، خضدار اور ژوب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہیگا۔ جبکہ کراچی، ٹھٹہ اور بدین میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ کشمیراورگلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن