• news

وفاقی کابینہ: پی ٹی وی فیس میں اضافہ اگلے ہفتے تک موخر، گندم کی قیمت بڑھنے پر تشویش

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی وی فیس میں اضافے کی سمری پر فیصلے کو اگلے ہفتہ تک موخر کر دیا گیا۔ وزیر اعظم نے وزیر اطلاعات کو ہدایت کی کہ ماضی میں جس طرح پی ٹی وی کو غیر ضروری اور سیاسی بھرتیوں کے ذریعے نقصان پہنچایا گیا اور جن معاشی مشکلات خصوصاً ملازمین کی پنشن کے حوالے سے ادارہ مشکلات کا شکار ہے وہ تمام حقائق عوام کے سامنے پیش کیے جائیں۔ اس بات کا فیصلہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا جو منگل کو وزیر اعظم کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے کئے گئے۔ کابینہ نے گندم کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹا کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں سے دریافت کیا اور آٹے کی قیمتوں میں توازن رکھنے کی ہدایت کی۔ حکومت کی کوشش ہے کہ آٹے کی قیمت زیادہ نہ ہو، گندم کی فراہمی بروقت اور اس کی ترسیل میں کوئی رکاوٹیں نہ ہوں، طلب اور رسد میں فرق کو ختم کرنے کے لیے نجی اور سرکاری ادارے گندم درآمد کرسکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گندم ذخیرہ اندوزوں کی حوصلہ شکنی کے لیے 4 لاکھ ٹن گندم کے آرڈر بھی ہوچکے ہیں۔ تعمیراتی صنعت کے فروغ کیلئے قومی سطح کی کمیٹی بنا دی ہے۔ حکومت سندھ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ گندم کی درآمد پر ڈیڑھ روپے کی ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ دے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سٹیل سمیت دیگر ادارے عظمت کے نشان ہیں، ماضی کی حکومتیں ان اداروں کو بہتر کرنے کی بجائے تباہی کی طرف لے گئیں۔ وفاقی وزیر نے ایجنڈے سے متعلق بتایا کہ کابینہ نے کیش مینجمنٹ اینڈ ٹریژریژ اینڈ سنگل اکاؤنٹ رولز 2009 کی منظوری دی ہے جس کے تحت تمام وزارت، ڈویژن اور شعبے کا ایک اکاؤنٹ ہوگیا جس میں سے رقوم جاری کی جائیں گی۔انہوں نے سنگل ٹریژریژ اکاؤنٹ کی منظوری کو بڑا اقدام قرار دیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے بتایا کہ کابینہ نے انسداد منی لانڈرنگ سے متعلقہ قوانین میں ترمیم کے لیے مجوزہ بل 2020 کی بھی منظوری دی جس کے تحت منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی معاونت کی روک تھام کو مؤثر بنانا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ منی لانڈرنگ کے خلاف قوانین کو مزید سخت بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 اور کورٹ آف کرمنل پروسیجر 1898 میں بھی مجوزہ ترامیم کی منظوری دی گئی۔انہوں نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ سستے مکانات کی فراہمی ملک کا بڑا مسئلہ ہے۔ اس سے قبل پاکستان میں ایسا کوئی کام نہیں ہوا اس لیے آغاز میں غیرمعمولی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کابینہ نے مشیران اور معاونین خصوصی کی جانب سے اثاثہ جات کی تفصیل ظاہر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ کابینہ اراکین کی جانب سے یہ روایت ڈالی گئی ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز کرنے اور اس حوالے سے درپیش مسائل کو دور کرنے کے سلسلے میں کابینہ نے موجودہ حکومت کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھاشا ڈیم ملکی آبی ذخائر کے بہتر انتظام کو یقینی بنانے اور قابل تجدید وسائل سے سستی اور ماحول دوست بجلی کی پیداوار میں گیم چینجر کا کردار ادا کرے گا۔ وزیرِ اعظم نے موجودہ دور میں حکومت کی جانب سے دیے گئے اشتہارات کی مد میں میڈیا کے بقایا جات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگیوں کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے میں بقایا جات کی ادائیگیوں کو یقینی بنا کر کابینہ کو رپورٹ پیش کی جائے۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 16جولائی2020کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ کو ملک میں گندم کی فراہمی کی صورتحال اور مناسب قیمت کو یقینی بنانے کے حوالے سے حکومت اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ گندم کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت نے گندم درآمد کی اجازت دی ہے۔کابینہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ گند م کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے۔ کابینہ نے اس امر پر بھی زور دیا کہ حکومت پنجاب کی طرح سندھ حکومت بھی گندم کی ریلیز کے حوالے سے پالیسی کو حتمی شکل دے کر گندم کی ریلیز کو یقینی بنائے تاکہ سندھ کی عوام کو گندم کی دستیابی کے حوالے سے کسی قسم کی دقت پیش نہ آئے ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ درآمد کے حوالے سے اب تک چار لاکھ ٹن کے آرڈر دیے جا چکے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ درآمد کے حوالے سے ممکنہ حد تک مناسب مراعات دی بھی جائیں گی ۔کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گندم کی دستیابی کے حوالے سے عوام کو کسی قسم کی دقت پیش نہیں آنے دی جا ئے گی۔کابینہ نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی سفارش پر کمپنیز ایکٹ 2017 ( Companies Act) اور لمیٹڈ لائبیلٹی پارٹنرشپ ( Limited Liability Partnership) ایکٹ 2017میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دی۔کابینہ نے اینٹی منی لانڈرنگ کے قوانین سے متعلقہ مجوزہ دوسرے ترمیمی بل 2020کی بھی منظوری دی۔کابینہ نے انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997کے حوالے سے بھی مجوزہ ترامیم کی منظوری دی۔ کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجر1898میں بھی مجوزہ ترامیم کی منظوری دی تاکہ منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ سے متعلق جرائم کی موثر طریقے سے تفتیش کی جا سکے۔ کابینہ نے کنٹرول آف نارکاٹیک سبسٹانس (Control of Narcotic Substance) ایکٹ 1997کی سیکشن 12میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ ری-آرگنائزیشن ایکٹ 2020 بل کے مجوزہ ڈرافٹ کی منظوری د ی این آئی ایچ ری آرگنائزیشن کی بدولت سات نئے ادارے بنائے جائیں گے۔ قدرتی آفات و دیگر ایمرجنسی کی صورتحال میں قومی سطح پر وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کے درمیان کوراڈنینشن کو منظم بنانے کے حوالے سے وفاقی کابینہ نے نیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ریسپانس ایکٹ 2020کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں ٹرسٹس (Trust)کے حوالے سے رجسٹریشن، انتظام اور مانیٹرنگ کے حوالے سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری ٹرسٹ ایکٹ 2020کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔ کابینہ نے سی آر پی سی میں 265-Eترمیم کی تجویز مسترد کر دی۔ وفاقی دارالحکومت کی حدود میں واقع وقف املاک کے بہتر انتظام، نگرانی کے لئے وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری وقف پراپرٹیز ایکٹ 2020کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔ کابینہ نے تعمیرات کے شعبے میں حکومت کی جانب سے دیے جانے والے تاریخی پیکیج کی تشہیر کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات و نشریات کو ہدایت کی کہ اس پیکج کی میڈیا کے ذریعے مناسب تشہیر کی جائے۔ معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے رپورٹ پیش کی جس میں کابینہ کو بتایا گیا کہ اس سال احساس پروگرام کے لئے 203ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ کابینہ کو کرونا وائرس کی صورتحال اور پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے افراد کے اعدادوشمار کے بارے میں تفصیلی طور پر بتایا گیا۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے فیز پر کام کیا جا رہا ہے۔ کابینہ نے ڈاکٹر ثانیہ اور انکی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں کرونا وائرس کے کیسز کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کامیاب رہی ہے لیکن ابھی مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔ عید الاضحی پر کرونا کے حوالے سے (ایس او پیز)کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے۔ شبلی فراز نے کہا کہ غلط پراسیکیوشن کی وجہ سے اگرآپ (اپوزیشن والے) بری ہوگئے تو فرشتہ نہیں ہوسکتے۔ یہاں یہ وہ لوگ ہیں جوآج کھڑے ہوکرکہہ رہے تھے عدالت کا تاریخی فیصلہ ہے۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے اداروں کو یہاں تک پہنچایا، وکٹری کا نشان بنانے والے ہی تباہی کے ذمہ دارہیں، پریس کانفرنس کر کے کہتے ہیں کہ نیب زیادتی کررہی ہے، یہی لوگ تھے جنہوں نے نیب قوانین میں تبدیلی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالیں۔ پی ٹی وی کی سزا عوام کو نہیں دے رہے۔ اگلے چھ ماہ کے اندر پی ٹی وی کی بہتری کا سفرشروع ہوجائے گا، پی ٹی وی میں لوٹ مار اور آرکائیو بھی چرائی گئیں۔
نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کوویڈ19 کے دوران عوام کو فوری ریلیف پہنچانے والے پاکستان کے سب سے بڑے سماجی تحفظ کے پروگرام احساس ایمرجنسی کیش پر عمل درآمد کے دوران اختیار کیے جانے والے طریقہ کار پر ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے رپورٹ کو سراہتے ہوئے کہا، ’’احساس ایمرجنسی کیش ایک منفرد، شفاف، قواعد پر مبنی، غیرسیاسی اور جامع پروگرام ہے جس نے مشکل حالات میں لاکھوں خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا ہے‘‘۔

ای پیپر-دی نیشن