• news

بھارت، ریاست کیرالہ میں 3 ماہ کے دوران 66 بچوں کی خودکشی

نئی دہلی (اے پی پی) بھارتی ریاست کیرالہ میں 3 ماہ کے دوران 66 بچے خودکشی کر چکے ہیں، ان میں 64 بچوں کی عمر 12 سے 18 سال تھی جب کہ 2 بچے 12 سال سے بھی کم عمر تھے،ان میں سے 61 نے پھندے سے لٹک کر اپنی جان لی۔ذرائع ابلاغ کے مطابق حکومت نے اس رجحان کو روکنے کے لیے بچوں کی کاؤنسلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیرالہ کے وزیراعلیٰ پناروای وجیئن کا کہنا ہے کہ سکول بند ہیں اور ممکن ہے کہ بچوں کو لاک ڈاؤن میں ذہنی اور نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو۔ ریاستی حکومت نے ایک سینئر پولیس افسر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس معاملے کو دیکھے گی۔ماہرین نفسیات اس طرف توجہ دلا رہے ہیں کہ لاک ڈاؤن کے دوران بچے اہلخانہ کے ساتھ گھر میں وقت گزار رہے ہیں اور ان پر بیرونی دباؤ نہیں اس کے باوجود اگر وہ اپنی زندگی کا خاتمہ کر رہے ہیں تو وجوہ جاننے پر توجہ دینی چاہیے۔بچوں کی خودکشی کے حالیہ اعداد و شمار لائق تشویش ہیں لیکن ریاست کے کرائم ریکارڈز بیورو کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال اس عرصے میں زیادہ بچوں نے خودکشی کی تھی جن کی تعداد 83 تھی۔

ای پیپر-دی نیشن