بلین ٹری منصوبہ: عالمی تنظیموں نے وزیراعظم کی کوششوں کو مثالی قرار دیدیا‘ دیگر لیڈروں کیلئے قابل تقلید ہے: امریکی تھنک ٹینک
اسلام آباد (این این آئی) بلین ٹری سونامی منصوبے کی عالمی سطح پر پذیرائی سامنے آگئی۔ عالمی تنظیموں نے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کو مثالی قرار دے دیا۔ عالمی تنظیموں کا لکھا گیا خط وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے کابینہ میں پڑھ کر سنایا۔ عالمی تنظیم کے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا آسان ہو گا، کرونا کے دوران بھی شجر کاری مہم کا سلسلہ بہترین اقدام ہے۔ خط میں کہا گیا کہ بیروزگاری، ماحولیاتی مسائل، جنگلات کی کمی، زیر زمین پانی کی کمی جیسے مسائل حل ہو سکیں گے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کا بلین ٹری منصوبہ کامیاب رہا۔ امریکی تھنک ٹینک نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی دنیا کے دیگر لیڈران کے لیے قابل تقلید ہے۔ امریکی تھنک ٹینک آئی جی ایس ڈی کے سربراہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کرونا وبا پر قابو کے لیے کوشاں کارکنوں کا جذبہ قابل تقلید ہے، ورکرز کا وبا کی روک تھام سمیت شجرکاری مہم میں حصہ خوش آئند ہے۔ امریکی تھنک ٹینک کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ وزیراعظم کی ان ورکرز سے سماجی کام لینے کی حکمت عملی قابل تحسین ہے، وزیراعظم کی حکمت عملی دنیا کے دیگر لیڈران کے لیے قابل تقلید ہے۔خیال رہے کہ ڈرووڈ ذیلکئی واشنگٹن اور پیرس میں کام کرنے والے تھنک ٹینک کے صدر ہیں۔