• news

چنیوٹ: رشتے کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجی کوزندہ جلا ڈالا

چنیوٹ (نامہ نگار) رشتہ دینے سے انکار پر چچا نے بھتیجی پر مبینہ طور پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، 14 سالہ سعدیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع چنیوٹ کے نواحی علاقہ چک نمبر 205 کی رہائشی 14 سالہ سعدیہ کا رشتہ اس کے چچا یعقوب نے اپنے بیٹے کے لیے مانگا تھا لیکن مقتولہ کے والد محمد یوسف نے اپنے ہی ایک اور رشتہ دار 13 سالہ شاہین کے ساتھ دو ماہ قبل اس کی شادی کردی تھی۔ پولیس کے مطابق تین روز قبل سعدیہ اپنے میکے ملنے کے لیے آئی ہوئی تھی کہ چچا نے اسے اکیلا گھر میں پاکر مبینہ طور پر اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی اور بعدازاں اسے نجی ہسپتال میں علاج کے لیے لے گئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ والدین اور سسرالیوں نے پولیس کو بتائے بغیر اس کی تدفین کردی جس پر پولیس نے کارروائی شروع کی تو والدین نے سلنڈر دھماکے سے جھلسنے کی وجہ سے ہلاکت بتائی، پولیس نے والدین اور سسرالیوں کے بیانات میں تضاد ہونے پر چچا کو گرفتار کر لیا۔ پولیس خود مدعی بنے گی اور علاقہ مجسٹریٹ سے قبر کشائی کے لیے بھی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن