حافظ آبادمیں دشمنی پرفائرنگ، نوجوان قتل، مقدمے کیلئے ورثاء کااحتجاج
حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد کے محلہ ولی ٹائون میں سابقہ دشمنی پر 6مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیااور بعدازاں ملزمان فرار ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق محمد عنصرکی محمد منشاء وغیرہ سے سابقہ دشمنی چلی آرہی تھی ۔گذشتہ رات عنصر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر میں بیٹھا تھا کہ 6مسلح ملزمان محمد منشائ، محمدعلی، صداقت علی وغیرہ اسے گھر داخل ہوئے جنہوں نے فائرنگ کرکے عنصرکو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس تھانہ صدر حافظ آباد نے مقتول کے ملزمان کو گرفتارکرنے کی بجائے الٹا مقتول پارٹی کی دو افراد کو حراست میں لے لیا۔ اور 15گھنٹے گزرنے کے بعد بھی قتل کی ایف۔آئی۔آر درج نہ کی ۔جس کے خلاف مقتول کے ورثاء اور عزیزواقارب نے سینہ کوبی کرتے ہوئے ڈی۔پی ۔او آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیئے رکھا جس سے ایک گھنٹہ تک سرگودھا روڈ پر ٹریفک بلاک رہی۔اس دوران مظاہرین نے ایس۔ایچ۔او تھانہ صدر زبیر سیال اور دیگر پولیس ملازمین کے خلاف سخت نعرہ بازی کی۔اورکہا کہ وہ قاتلوں کے ساتھ ملے ہوئے ہیںجس کی وجہ سے انہیں حراساں کیا جارہاہے۔ بعدازاں ڈی۔پی۔او نے مظاہرین کو ملزمان کی گرفتاری اور انصاف کی یقین دہانی کروائی تو وہ پرامن طورپر منتشر ہوگئے جبکہ پولیس نے مذکورہ احتجاج اور دھرنا کے بعدچھ ملزمان محمد منشائ، محمدعلی، صداقت علی وغیرہ کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا۔