59 سال میں معیشت میں خدمات کے شعبہ میں 12.8 ‘ صنعت میں 1.6 فیصد اضافہ
اسلام آباد (اے پی پی) گزشتہ 59 سال کے دوران پاکستان کی معیشت میں خدمات کے شعبہ کے حصہ میں 12.8 فیصد جبکہ صنعتی شعبہ کے حصہ میں 1.6 فیصد اضافہ ہوا ہے، قومی معیشت کے اہم ستون زرعی شعبہ کا ملکی معیشت میں حصہ 14.4 فیصد کم ہوا ہے۔ ورلڈ بینک کے اعداد وشمارکے مطابق 1960ء کی دہائی میں خدمات کا شعبہ مجموعی قومی معیشت میں 44.5 فیصد جبکہ صعنت 17.7 فیصد اور زراعت کا حصہ 37.8 فیصد تھا۔ 1970ء کی دہائی کے دوران پاکستان کی معیشت میں خدمات کے شعبہ کا حصہ 4.1 فیصد کے اضافہ سے 48.6 فیصد تک برھ گیا اور اسی طرح صنعتی شعبہ کے شیئرز میں بھی 2.9 فیصد اضافہ ہوا اور اس کا حصہ 20.6 فیصد تک پہنچ گیا تاہم دوسری جانب زراعت کے شعبہ کے حصہ میں 7 فیصد کمی سے شعبہ کا حصہ 30.8 فیصد تک کم ہو گیا۔ عالمی بینک کے مطابق 1980ء کی دہائی کے دوران بھی خدمات اور صنعت کے شعبوں میں بالترتیب 5 فیصد اور 0.2 فیصد اضافہ سے ان کے حصے 53.6 فیصد اور 20.8 فیصد تک بڑھ گئے جبکہ زرعی شعبہ کے حصہ میں 10 سال کے دوران 5.2 فیصد کی مزید کمی واقع ہوئی اور قومی معیشت میں زرعی شعبہ کا حصہ مزید 25.6 فیصد تک کم ہو گیا۔