• news

برطانیہ نے ہانگ کانگ سے متعلق پالیسی تبدیل نہ کی تو نتائج بھگتنا ہونگے:چین

لندن(عارف چودھری)چین نے ہانگ کانگ کے معاملے پر برطانیہ کو سخت وارننگ دیدی۔ چین نے ہانگ کانگ کے معاملے پر برطانیہ کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر برطانیہ نے ہانگ کانگ سے متعلق اپنی پالیسی تبدیل نہ کی تو اسے نتائج بھگتنا ہونگے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق ہانگ کانگ میں چین کی جانب سے نئے سکیورٹی قوانین کے نفاذ کے بعد برطانیہ نے پیر کے روز ہانگ کانگ سے تحویل مجرمان کا معاہدہ معطل کردیا۔ برطانوی وزیرخارجہ نے معاہدے کی معطلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہانگ کانگ میں نافذ قوانین سے متعلق غیر یقینی صورتحال ہے کہ نئے سکیورٹی قوانین پر کس طرح عملدرآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں بس اتنا ہی کہوں گا کہ برطانیہ تو دیکھ رہا ہے لیکن ساری دنیا بھی یہ دیکھ رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیصلے کا مطلب ہے کہ اگر برطانیہ میں ایک شخص پر ہانگ کانگ میں ہونے والے کسی جرم کا الزام ہے تو برطانوی حکام اسے خودبخود کارروائی کے لیے ہانگ کانگ کے حوالے نہیں کریں گے۔برطانوی اقدام پر لندن میں تعینات چین کے سفیر نے اپنے رد عمل میں کہا کہ برطانیہ نے واضح طور پر چین کے معاملات میں مداخلت کی ہے، چین نے کبھی برطانیہ کے داخلی معاملات میں مداخلت نہیں کی لہٰذا برطانیہ کو بھی چین کے لیے یہی رویہ اختیار کرنا چاہیے۔ہانگ کانگ میں نئے قوانین کے نفاذ کے بعد برطانیہ اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے جب کہ برطانیہ نے چین کی فائیو جی ٹیکنالوجی کو بھی ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن