• news

متعددوارداتیں، شالیمار میں مبینہ پولیس مقابلہ،ایک ڈاکو ہلاک ،دوسرا فرار

لاہور(نامہ نگار)لاہور میں چوری وڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلوں اورگاڑیوں سمیت دیگر قیمتی سامان چھین لیاگیا جبکہ شالیمار کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، پولیس نے نعش پوسٹمارٹم کیلئے منتقل کرکے فرار ہونے والے ڈاکو کی تلاش شروع کردی، دونوں ڈاکوؤں نے دو روز قبل شہری سے موٹرسائیکل اور نقدی چھینی تھی۔تفصیلات کے مطابق شالیمار کے علاقے کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیامبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو مسلح ساتھی سمیت وارادت کے لیے آیا تھا جہاں ان کا سامنا پولیس سے ہو گیا جس پر انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا۔ علاوہ ازیں مارے جانے والا ڈاکو سابقہ ریکارڈ یافتہ تھا انہوں نے چند روز قبل دوران واردات شہری کو فائرنگ کر قتل کیا تھا۔ گھروں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں نواب ٹاؤن کے علاقہ سے5 لاکھ45 ہزار، باٹا پور سے 4لاکھ70ہزار ، گارڈن ٹاؤن سے 3لاکھ 35ہزار، شاہدرہ کے علاقہ سے 2لاکھ10ہزار، مغلپورہ سے 2 لاکھ روپے نقدی، زیورات اور دیگر سامان لوٹ لیا ۔لوٹ مار کی دیگر وارداتوں میں مستی گیٹ سے70ہزار، مصطفی ٹاؤن کے علاقہ سے35ہزار، لٹن روڈ کے علاقہ سے25ہزار کی نقدی زیورات اور دیگر سامان چھین لیا۔جوہر ٹاؤن اور ہربنس پورہ سے گاڑیاں اور نصیر آباد، رنگ محل اور داتا دربار سے موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔

ای پیپر-دی نیشن