معیشت تباہ ہو چکی‘ دوہری شہریت کا معاملہ عدالت لے جائوں گا: شاہد خاقان
اسلام آباد (آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دہری شہریت کے معاملے پر وزیر اعظم کے بیان کا انتظار کررہا ہوں اگر انہوں نے غیر ملکی کو کابینہ میں بٹھانے کی حمایت کی تو عدالت جائوں گا،پاکستانی شہری ہی پارلیمان کا ممبر بن سکتا ہے ،اس وقت کابینہ پاکستان کی ہے اور لوگ غیر ملکی ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب کو ختم ہی کر دیں تو بہتر ہے ، نا اہل حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں بے روز گاری عام اور معیشت تباہ ہو چکی ہے حکومت کے پاس اگراکثریت ہے تو مدت پوری کرلے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز نجی ٹی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کیس میں سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد نیب کی عوام کے سامنے حقیقت عیاں ہوگئی ہے، تفصیلی فیصلے کے بعد نیب کے وجود کی کوئی گنجائش نہیں ،بہتر ہے اس ادارے کو ختم کر دیں،پارلیمان کا ممبر صرف پاکستان کاشہری ہی بن سکتا ہے ،کابینہ پاکستان کی ہے شہری کسی اور ملک کے ہیں، کابینہ کے ٹیبل پر بیٹھنا ہے تو دہری شہریت ترک کرنا ہوگی ،وزیر اعظم کہہ دیں کہ دہری شہریت والا کابینہ ٹیبل پر بیٹھ سکتا ہے تو میں عدالت جائوں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب کے چیئرمین جاوید اقبال سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں،ادارے مورال اتھارٹی سے چلتے ہیں جب اخلاقی قدریں پامال کردیں تو وہ ادارہ نہیں رہتا ،گزشتہ روز سپریم کورٹ کے تفصیلی کے بعد نیب کی عوام کے سامنے حقیقت عیاں ہوئی ہے۔