• news

17 ہزار ٹن یومیہ گندم کوٹہ پنجاب کیلئے ناکافی ہے: چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن

لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم اے رضا نے کہا ہے کہ 17000 ٹن یومیہ گندم کا کوٹہ پورے پنجاب کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہے تاہم محکمہ خوراک انہیں جو گندم فراہم کر رہا ہے اس سے 20 کلو کے 5 لاکھ 55 ہزار تھیلے مارکیٹ میں فروخت کے لئے بھیج رہے ہیں جبکہ مارکیٹ کی طلب 7 لاکھ 50 ہزار سے 8 لاکھ تھیلا یومیہ ہے۔ عیدالاضحیٰ کے پیش نظر گندم کے کوٹا میں اضافہ سے عید کے دنوں کی طلب پوری ہو جائے گی۔ واضح رہے 20 کلو آٹا کی سرکاری قیمت 860 روپے اور 10 کلو کے تھیلہ کی 430 روپے ہے لیکن گزشتہ روز بھی طلب کے مقابلہ میں سپلائی کم رہی۔ چکی آٹا مالکان نے بتایا کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ کیونکہ اوپن مارکیٹ سے خریدی گئی گندم سے آٹے کی فی کلو قیمت 75 روپے سے تجاوز کر گئی ہے اور قیمت کے تعین کے لئے گزشتہ روز کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور آج اجلاس بلایا گیا ہے جس میں نئی قیمت کو زیر غور لایا جائے گا جبکہ تھوک فروشوں کا کہنا ہے کہ وہ 20 کلو کا تھیلہ 849 روپے کی شرح سے فروخت کر رہے ہیں جس کا ریٹیل میں ریٹ 860 روپے ہے اس کے مقابل نجی شعبہ کا تیار کردہ مختلف اقسام کا آٹا گزشتہ روز مختلف پیکنگز میں 58 سے 80 روپے فی کلو کے درمیان رہا زیادہ مہنگا آٹا سٹوروں پر دستیاب تھا۔ اوپن مارکیٹ میں گزشتہ روز گندم کی فی من قیمت 2200 اور 2250 روپے فی من کے درمیان رہی۔ جبکہ چینی کی ریٹیل اور تھوک قیمت میں کوئی نمایاں کم بیشی نہیں ہوئی۔

ای پیپر-دی نیشن