شہباز شریف اور بلاول ایک دوسرے پر اعتماد کرنے سے گریزاں ہیں ،فیاض چوہان
لاہور(صباح نیوز)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول ایک دوسرے پر اعتماد کرنے سے گریزاں ہیں، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ یہ ایک نہیں ہوسکتے، پیش گوئیاں سچ ثابت ہونے پر اپوزیشن مجھے سیاسی ولی تسلیم کر لے۔وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ایک دوسرے کی قیادت پر عدم اعتماد کے اظہار نے میری پیشن گوئی سچ ثابت کر دی، حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے اور پانی سے پکوڑے تلنے میں زمین آسمان کا فرق ہے، تحریک کے اعلان سے پہلے ہی اپوزیشن کی صفوں میں انتشار حسرت ہے مجھے ان غنچوں پر جو بن کھلے مرجھا گئے کے مصداق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کابینہ کے وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کے بعد بزدار حکومت مضبوط تر ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اب بلاول زرداری کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مصداق اپنی ناکامی کا ملبہ نیب اور حکومت پرڈال رہے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی اپنے والد اورخود کو بچانے کے لئے شہباز شریف کا کندھا لینے پنجاب آئے مگرشہباز شریف نے بلاول زرداری کو ٹکا سا جواب دے کر ٹرخا دیا ہے۔