• news

آر ایس ایس نظریئے کو مقبوضہ کشمیر میں زبردستی لاگو نہیں کیا جا سکتا: شبلی فراز

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہندوتوا اور آر ایس ایس کے نظریے کو مقبوضہ کشمیر میں زبردستی لاگو نہیں کیا جاسکتا، بھارت تمام تر ریاستی جبرو استبداد سے تحریک آزادی کو ختم نہیں کرسکتا۔ پاکستان کی موثر سفارت کاری سے بھارت عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے۔ ریڈیو پاکستان میں کشمیر سے متعلق مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیوپاکستان آنا ہمیشہ میرے لئے بڑی مسرت کا باعث ہوتا ہے کیونکہ میرے والد نے اپنے کیریئر کا آغاز اس ادارے سے شروع کیا تھا۔ کشمیری نوجوان برہان وانی کو شہیدکرکے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔ حریت لیڈروں کو جیلوں میں قیدو بند کی صعوبتیں دے کر کشمیریوں کو نہیں ڈرایا جاسکتا۔ ریڈیو پاکستان نے 26 جولائی سے 5 اگست تک خصوصی پروگرام تشکیل دئیے ہیں۔ خصوصی نشریات میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ سال 5 اگست کو بھارت نے جو غیر قانونی اقدامات اٹھائے اور آرٹیکل 370 اور 35اے کو جو منسوخ کیا اس حوالے سے موضوعات کو زیر بحث لایا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن