• news

پارا چنار میں دھماکہ: 20 سے زائد افراد زخمی، املاک کو نقصان

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبہ خیبر پی کے کی کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنار میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں20 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ طوری بازار میں دھماکے کے نتیجے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا۔ ڈی ایس پی نجب علی نے بتایا کہ آئی ای ڈی کے ذریعے دھماکا کیا گیا جسے سبزی کی ریڑھی میں نصب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں اکثر سبزی اور پھل فروش ہی موجود ہوتے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر قیصر عباس بنگش نے کہا کہ اب تک کم از کم 16 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے۔ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔ ڈسپوزل سکواڈ بھی موقع پر پہنچ گیا تلاش کررہی ہے تاکہ مزید کسی حادثے سے بچا جا سکے۔ دوسری جانب علاقے کے رہائشی افراد نے واقعے کے خلاف مقامی پریس کلب کے باہر احتجاج شروع کردیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارا چنار کے طوری بازار میں ہوئے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہ کرنے سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور مطالبہ کیا کہ دہشت گردی کے منصوبہ سازوں کو فوری قانون کی گرفت میں لایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن