• news

قومی کرکٹرز کی ٹریننگ، انٹراسکواڈ پریکٹس میچ آج، بیٹنگ پرفوکس ہے: محمد رضوان

لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے دوسرے 4 روزہ انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ آج سے کھیلا جائیگا۔ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین، تین گھنٹوں پر مشتمل 2 ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی۔اوپنر عابد علی نے بھی حصہ لیا۔ساڑھے تین گھنٹے تک جاری رہنے والے سیشن میں کرکٹرز نے فزیکل ٹریننگ کے بعد فیلڈنگ کی مختلف ڈرلز کیں جس میں تھرو اور سلپ میں کیچز کی بھی پریکٹس شامل تھی۔ کھلاڑیوں نے نیٹ پر بیٹنگ اور بائولنگ کی بھی پریکٹس کی۔کوچز نے بلے بازوں اور بائولرز کو ٹپس دی۔یکم اگست کو قومی سکواڈ پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ڈربی سے مانچسٹر روانہ ہوگا۔وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے کہا کہ سکواڈ میں سرفراز احمد کی موجودگی کا کوئی دباؤ محسوس نہیں کر رہا۔انگلینڈ میں ٹریننگ کیلئے اچھی سہولیات ہیں، سب سخت محنت کر رہے ہیں، باہر نہیں جاسکتے لیکن انڈور گیمز کے ذریعے خود کو مصروف رکھتے ہیں، کوئی اضافی دباؤ نہیں، سرفراز کے ساتھ پوزیشن کیلئے صحتمندانہ مقابلہ ہے، دونوں کی خواہش ہے کہ پاکستان کیلئے کھیلیں اور اچھا پرفارم کریں۔ میں خود بھی سرفراز کا پرستار ہوں، اللہ کبھی کسی کو دیکر تو کبھی چھین کر امتحان لیتا ہے، پہلی یا دوسری چوائس کا پریشر نہیں لیتا، سرفراز سے بھی سیکھ رہا ہوں، سرفراز احمد سے ہمدردی ہونے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ سابق کپتان چیمپئنز ٹرافی کے فاتح ہیں، ان سے محبت کرتا ہوں، مواقع ملیں تو ان کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے،آج کی کرکٹ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کے بجائے بیٹسمین وکٹ کیپرز ٹیم کی ضرورت بن چکے ہیں۔ کوئی ایک بیٹنگ نمبر ہونا اچھی بات ہے لیکن ٹیم کیلئے کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کیلئے تیار ہونا چاہیے،بیٹنگ پر فوکس اور لمبا سکور کرنے کی پلاننگ کی، محنت کررہا ہوں، پوری کوشش ہوگی اچھا پرفارم کروں، نتائج اللہ کے ہاتھ میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن