افغانستان: شادی کی تقریب پر فضائی حملے، جھڑپیں،8 شہری، 6 طالبان کمانڈرز سمیت 100 ہلاک
کابل(شنہوا+نوائے وقت رپوٹ +نیٹ نیوز+آن لائن)افغانستان کے صوبے ہرات میں شادی کی تقریب میں افغان سکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی ،قندوز میں طالبان اور فورسز کے درمیان جھڑپیں جبکہ ننگر ہار میں چوکی حملے کے دوران میں 8شہری، 6طالبان کمانڈروں سمیت 100افراد ہلاک ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق افغان فضائیہ نے ہرات میں طالبان جنگجوؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 6 طالبان جنگجو سمیت 45 افراد ہلاک ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات میں فضائی حملے میں ہلاکتوں سے متعلق متضاد خبریں گردش کر رہی ہیں، نگراں وزیر دفاع اسد اللہ خالد نے 6 طالبان کمانڈرز کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، ان میں وہ جنگجو بھی شامل ہیں جو حال ہی میں امریکا اور افغان طالبان کے معاہدے کے نتیجے میں رہا ہوئے تھے اور انہوں نے کسی قسم کی جنگی مہم میں حصہ نہ لینے کا حلف لیا تھا، نگراں وزیر دفاع نے اپنے بیان کی تصدیق کے لیے کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے طالبان کمانڈرز اور جنگجوؒؒؒؒں کی تصاویر فراہم کرنے کا عندیہ بھی دیا تاہم وہ ہلاک ہونے والے طالبان کی شناخت فوری طور پر نہ بتاسکے۔دوسری جانب طالبان کے ترجمان قاری محمد یوسف احمدی نے میڈیا کو بتایا کہ ہرات پر دو فضائی حملے کیے گئے جن میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 8 شہری ہلاک اور 12 زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی کارروائیوں سے حال ہی میں رہا ہونے والے طالبان اسیر دوبارہ ہتھیار اْٹھانے پر مجبور ہوجائیں گے۔ادھر عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق فضائی حملہ ایک ایسے گھر میں کیا گیا جہاں شادی کی تقریب جاری تھی، حملے کے خوف سے گھر سے باہر نکل کر محفوظ مقام کی جانب جانے والے شہریوں پر دوبارہ فضائی حملہ کیا گیا۔علاوہ ازیںافغان صوبہ قندھار میں طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپیں ہو ئیں پولیس کے مطابق جھڑپوں کے دوران 24طالبان ہلاک ہو گئے ۔دریں اثناء افغان حکومتی فورسز نے مشرقی صوبہ ننگرہار میں 31 طالبان کو ہلاک اور 15کو زخمی کر دیا ہے۔ یہ بات ملک کی وزارت دفاع نے جمعرات کے روز بتائی۔وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ افغان قومی دفاع اور سیکورٹی فورسزکو بدھ کے روز ضلع خوگیانی کے علاقے کیلگہو میں چوکیوں پر ایک بڑے حملے کی اطلاعات ملیں۔ اے این ڈی ایس ایف نے ایک جوابی حملہ کیا جس کے دوران طالبان عسکریت پسندوں کی اموات ہوئیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ لڑائی کے دوران 10 مختلف قسم کی گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئی ہیں اور جھڑپوں کے بعد 5 دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کو بھی ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔دریںاثناء صوبائی حکومت کے ترجمان عطا اللہ خوگیانی نے کہا کہ مارے جانے والے 13 طالبان غیر ملکی تھے، ہلاک ہونیوالوں میں 13 غیر افغان شہری بھی شامل ہیں۔