• news

لاکھوں کے 5 ڈاکے: شکرگڑھ: ڈاکوؤں کے تعاقب پر دکاندار قتل

لاہور، چک امرو، شکر گڑھ (نامہ نگاران) لاہور میں متعدد وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں نے لاکھوں کا مال و زر لوٹ لیا۔ شکر گڑھ میں واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے پیچھا کرنیوالے دکاندار کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے ڈیفنس میں کامران کے گھر سے ساڑھے 5لاکھ روپے مالیت، مصطفی آباد میں علی کے اہلخانہ سے 4لاکھ 30 ہزارروپے مالیت، شاہدرہ ٹاؤن میں عاطف کے گھر والوں سے 4لاکھ روپے مالیت، سندر میں اصغر کے اہلخانہ سے ساڑھے 3لاکھ روپے مالیت، ٹاؤن شپ میں اسد کے اہلخانہ سے 2لاکھ روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان، لوٹ لیا۔ سمن آباد میں حسنین سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور دیگر سامان،گلبرگ میں شفیق سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون ،ستوکتلہ میں جنید سے 56ہزار روپے اور موبائل فون،جوہرٹاون میں فاروق سے 34ہزارروپے اور لیپ ٹاپ چھین لیا ہے۔ جبکہ برکی اور نشتر کالونی کے علاقوں سے2 گاڑیاں جبکہ سمن آباد، مزنگ، پرانی انارکلی، ملت پارک اور شادباغ کے علاقوں سے5 موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ علاوہ ازیں تھانہ صدر شکر گڑھ کے علاقہ گمٹالہ میں بامہ کسانہ کے رہائشی دکاندار نصراﷲ کی دکان سے دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اس دوران ڈاکوؤں کی موٹر سائیکل خراب ہوگئی تو ڈاکوؤں نے پیچھا کرنے والوں پر فائرنگ کر دی۔ جس سے دکاندار نصراﷲ جاں بحق ہوگیا۔ بعدازاں مقتول کے ورثاء نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کچہری چوک پر ٹریفک روک دی۔ پولیس کا کہنا ہے جلد ڈاکو گرفتار کر لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن