فروغ نسیم ایک ہی کابینہ میں تیسری بار وفاقی وزیر قانون بننے والے پہلے پاکستانی
رحیم یار خان(احسان الحق سے ) سینیٹر بیرسٹر فروغ نسیم دو سال سے بھی کم عرصے کے دوران ایک ہی وزیر اعظم کی کابینہ میں تین دفعہ وفاقی وزیر قانون بننے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔تفصیلات کے مطابق سینیٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے وفاقی وزیر قانون کی حیثیت سے وزیر اعظم عمران خان کی کابینہ میں پہلی بار 20اگست2018ء کو حلف اٹھایا تھا تاہم آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملازمت میں توسیع بارے سپریم کورٹ میںدائر ہونے والے ایک کیس میں بحیثیت وکیل پیش ہونے کے لئے انہوں نے 26نومبر 2019ء کے وفاقی وزیر قانون کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم صرف تین روز بعد 29نومبر2019ء کو انہوں نے وفاقی وزیر قانون کی حیثیت سے دوبارہ حلف اٹھا لیا لیکن سپریم کورٹ کے جسٹس مسٹر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں وفاقی حکومت کی نمائندگی کے لئے انہوں نے یکم جون2020ء کو دوبارہ استعفیٰ دے دیا اور گزشتہ روز سینیٹر فروغ نسیم نے تیسری بار پھر وفاقی وزیر قانون کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ اس طرح دو سال سے بھی کم عرصے کے دوران وہ تین بار وفاقی وزیر قانون بننے والے پہلے پاکستانی بن گئے اور انکے تین بار وفاقی وزیر بننے کے دوران تینوں بار عمران خان ہی پاکستان کے وزیر اعظم تھے۔