لاہور کے بعض علاقوں میں روٹی10 پشاور میں 15روپے تک فروخت کراچی میں آٹا سب سے مہنگا
لاہور+کراچی(کامرس رپورٹر‘ آئی این پی) لاہورمیں سادہ روٹی کی قیمت بعض علاقوں میں دس روپے کردی گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں اس کی قیمت آٹھ روپے ہے اسی طرح نان اور کلچہ کی قیمت 15 روپے اور خمیری روٹی 12 روپے میں فروخت ہو رہی ہے اس کی وجہ گندم کی قیمت میں اضافہ ہے ، دوسری طرف آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کی طرف سے چکی آٹا کی فی کلو قیمت 70 روپے کردی گئی ہے آٹا چکی اونرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عبدالرحمان نے کہا ہے کہ ملک کے سب سے زیادہ گندم کے پیداواری صوبہ پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اضافہ کا نوٹس نہیں لیا گیا جس کے نتیجہ میں قیمت بڑھ کر 2300 روپے فی من ہو گئی خدشہ ہے کہ مارکیٹ میں مزید تیزی آئے گی۔عوامی حلقوں نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ہر سال گندم کی نئی فصل کے موقع پر آٹے کی قیمت کم ہوتی ہے لیکن اس سال اس کے بر عکس آٹے کی قیمت میں آئے روز اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ حکومت نے اس کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے کوئی اقدام نہیں کئے۔دوسری جانب پشاور میں نانبائیوں نے روٹی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کر دیا۔ مختلف علاقوں میں روٹی 15روپے میں فروخت ہونے لگی۔ عوام پریشان‘ انتظامیہ گرانفروشوں کو نکیل ڈالنے میں ناکام ہو گئی۔دریں اثناء کراچی میں آٹے کی قیتموں میں ملک کے دیگر شہروں کو پیچھے چھوڑدیاادارہ شماریات کے مطابق جولائی کو کراچی میں آٹے کے20 کلو کے تھیلے کی قیمت1200روپے تھی کراچی میں آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت1360 روپے تک پہنچ گئی تین ہفتوں میں کراچی میں آٹے کا تھیلا 160روپے مہنگا ہوا 20کلو آٹے کا تھیلا پشاور میں1280 روپے اور خضدارمیں 1000روپے کا ہے 20کلو آٹے کا تھیلا حیدرآباد میں 1260روپے اور نیوی مین 1200روپے کا ہے۔ 20کلو آٹا کوئٹہ میں 1160روپے ‘ سکھر‘ لاڑکانہ میں 1190روپے کا ہے راولپنڈی‘ اسلام آباد میں آٹے کے 20کلو تھیلے کی قیمت 900روپے گوجرانوالہ ‘ سیالکوٹ ‘ لاہور فیصل آباد میں 860روپے تک ہے کراچی میں آٹے کا تھیلا اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور‘ ملتان سمیت دیگر شہروں کی نسبت 460سے 500روپے مہنگا ہے۔