راولپنڈی: خاندانی دشمنی پر فائرنگ، 5 خواتین 4 بچے قتل
راولپنڈی/ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نامہ نگار) تھانہ چونترہ کے علاقے میال میں خاندانی دشمنی پر گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے پانچ خواتین اور چار بچوں کو قتل کردیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک گروپ نے کچھ روز قبل میال میں مخالف فریق کے گھر داخل ہوکر خاتون زاہدہ بی بی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس کا بدلہ لینے کیلئے جمعہ کو مخالف فریق نے اظہر وغیرہ کے گھر جاکر فائرنگ کردی جس سے پانچ خواتین اور چار بچے جاں بحق ہوگئے۔ 9 افراد کے قتل سے علاقے میں کہرام اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس جائے وقوعہ پہنچ گئی۔ علاقے میں شدید کشیدگی کے باعث سی پی او محمد احسن یونس نے اضافی نفری بھی بھجوا دی۔ علاقے میں پولیس کمانڈوز، ایلیٹ فورس بھی تعینات کردی گئی۔ پولیس کے مطابق ربنواز گروپ اور اظہر، نذر، نیازگروپ میں دشمنی چل رہی تھی جو اس المناک واقعہ کا باعث بنی۔ جاں بحق ہونے والی خواتین میں سلیم اختر، نثار بی بی، ایمان فاطمہ، ازرم بی بی، عابدہ شاہین شامل ہیں جبکہ جاں بحق ہونے والے بچوں کے نام فرحان اظہر، صبیحہ خاتون ، عنزلہ بی بی، ایمان فاطمہ بتائے گئے ہیں جبکہ تین شدید زخمیوں میں نور فاطمہ، عثمان اور ابراہیم شامل ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے مقتولین اور زخمی افراد کے نام بھی جاری کردئیے۔ راولپنڈی میں پولیس نے الائیڈ ہسپتالوں میں بھی سکیورٹی ہائی الرٹ کردی۔ چونترہ کے علاقے میں گشت بھی بڑھا دیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر، امتیاز گروپ اور ربنواز گروپ کے مابین پیش آیا۔ تحقیقات کے مطابق وجہ تنازعہ چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کا قتل اور دیرینہ دشمنی ہے۔ نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کی فرانزک سائنس ٹیم شواہد اکٹھے کرنے کے لئے موقع پر موجود ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھانہ چونترہ کی حدود میں واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے ملزموں کی جلد گرفتاری کا حکم دیدیا۔ سی پی او راولپنڈی کو خود موقع پر پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔دوسری جانب صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں۔ لاہور سے نامہ نگار کے مطابق آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر نے بھی راولپنڈی میں 9 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا ہے آئی جی پنجاب نے آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت سے سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔