• news

امریکا میں 3چینی باشندے گرفتار، فوج سے تعلق کا الزام عائد

واشنگٹن(این این آئی) امریکا نے چین کیخلاف تازہ کارروائی میں تین چینی شہریوں کو گرفتار کر لیا، ان پر ویزا فراڈ اور چینی افواج کے ساتھ منسلک ہونے کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک تین افراد زیر حراست ہیں اور ایف بی آئی چوتھے چینی باشندے کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، امریکی اداروں نے مزید 25 چینی افراد سے پوچھ گچھ بھی کی ہے، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کی چین کی مسلح افواج کے ساتھ غیر اعلانیہ وابستگی ہے۔ امریکہ کی جانب سے ہوسٹن شہر میں چینی قونصل خانہ بند کر دیا گیا، اب چینی شہریوں کے خلاف تازہ کارروائی اس وقت سامنے آئی جب چند روز قبل ہی امریکی وزیر دفاع کا یہ بیان سامنے آیا تھا کہ امریکا پورے ایشیا میں اپنی فورسز کو تیار کر رہا ہے اور ان کی از سر نو تعیناتی عمل میں لا رہا ہے تا کہ چین کے ساتھ ممکنہ مقابلے کے لیے تیار ہوا جا سکے۔ادھر چین کے ساتھ کشیدگی کے دوران امریکا اور بھارتی بحریہ کی مشترکہ فوجی مشقیں بھی کی گئی ہیں، یہ مشق جزیرہ انڈمان اور نکوبار کے قریب کی گئیں جہاں بھارتی بحریہ کا مشرقی بیڑہ پہلے سے ہی تعینات ہے۔

ای پیپر-دی نیشن