عوامی امنگوں کے مطابق کارکردگی دکھا کر مسائل حل کئے جائیں: عمران
اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کا چھٹی کے روز بھی سیاسی اور حکومتی امور پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیراعظم سے پنجاب کے وزیر صمصام بخاری نے ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں پنجاب کے وزیر برائے فشریز اینڈ وائلد لائف صمصام بخاری نے ملاقات کی۔ جس میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی نذیر جٹ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پارٹی اور حلقوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صمصام بخاری نے وزیراعظم کو وزارت سے متعلق امور پر تفصیلی بریف کیا۔ وزیر اعظم نے دونوں رہنمائوں کو ہدایت کی عید الاضحیٰ کے موقع پر ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کی امنگوں کے مطابق کارکردگی دکھا کر عوامی مسائل حل کیے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا ریگویشن سے متعلق رولز تیار نہ ہونے کا نوٹس لے لیا اور وزارت آئی ٹی اور پی ٹی اے کو ریگولیشن رولز پر کام تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے آئندہ ہفتے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے کہا کہ رولز کی تشکیل متعلقہ سٹیک ہولڈرز سے رائے لی جائے اداروں، شخصیات کی تضیحک اور جھوٹی مہم چلانے کی اجازت نہیں، وزیراعظم عمران خان نے کلین گرین پاکستان اور ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف کوششوں سے متعلق ویڈیو جاری کر دی۔ ویڈیو میں آلودگی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے حکومتی کوششوں کو دکھایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ پاکستان کو صاف، سرسبز بنانے کی کوشش پر فخر ہے۔ کلین اینڈ گرین پاکستان کیلئے حکومتی کوششیں جاری ہیں۔