چین میں دنیا کے سب سے طویل شیشے کے سمندری پل کا افتتاح، گینز بک میں شامل
بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) چین نے دنیا کے سب سے لمبے سمندری برج کا افتتاح کیا تھا جبکہ چند ہفتوں قبل دنیا کے سب سے طویل روڈ۔ ریل کیبل پر لٹکے برج کی تعمیر مکمل ہوئی۔اب چین میں دنیا کے سب سے طویل شیشے کے پل کو بھی تعمیر کرنے کے بعد عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ چین کے شہر لیانژوو میں مکمل شیشے سے بنے پل کو عوام کے لیے کھولا گیا ہے جس کی لمبائی 1726 فٹ ہے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا گلاس برج قرار دیا گیا ہے۔گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی اس کے نام کو شامل کیا جارہا ہے جس کا سرٹیفکیٹ مقامی حکام کے لیے جاری کردیا گیا ہے۔دریائے لیانگ جیانگ کے اوپر تعمیر ہونے والا یہ حیرت انگیز پل ایک وقت میں 500 افراد کا بوجھ برداشت کرسکتا ہے جبکہ پل کے وسط میں 4 آبزرویشن ڈیک بھی تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ ارگرد کا خوبصورت نظارہ کیا جاسکے۔پل کو لیمنیٹڈ گلاس کی 3 تہوں سے تعمیر کیا گیا ہے جن کی موٹائی 4.5 سینٹی میٹر ہے۔پل کا شیشہ 99.15 فیصد شفاف ہے اور اس کے فرش سے نیچے وادی کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔18 جولائی کو پل کے افتتاح کے موقع پر تعمیراتی کمپنی نے 4 ٹن وزنی 2 گاڑیاں بھی اس پر سے گزاری تھیں تاکہ اس کی مضبوطی کو ثابت کیا جاسکے۔اس پل کی تعمیر 3 سال میں مکمل ہوئی اور اس پر 30 کروڑ چینی یوآن 7 ارب 63 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد کا خرچہ آیا۔اس کی تعمیر کے لیے 73 ہزار کیوبک میٹر کنکریٹ اور 11 ہزار ٹن اسٹیل بار ہر ٹاور کے لیے استعمال کی گئی اور ہر ٹاور کی بلندی 110 منزلہ عمارت کے برابر ہے۔اس منصوبے پر کام نومبر 2013 میں شروع ہوا تھا جس کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ ٹن اسٹیل اور 23 کروڑ کیوبک میٹر کنکریٹ استعمال ہوا۔