• news

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ: پولیس کی 51 سمیت 96 اسامیوں، 60 کروڑ فنڈز کی منظوری

رحیم یار خان (احسان الحق سے) جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو جلد فنکشنل بنانے کے لئے حکومت پنجاب نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا، مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بعد محکمہ خزانہ پنجاب نے ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے مختلف انتظامی درجات کی 96 اور پولیس کی51 آسامیوں اور تنخواہوں و دیگر مراعات کی ادائیگیوں کے لئے 60کروڑ روپے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی حکومت کی منظوری کے پیش نظر محکمہ خزانہ منظوری کے حامل فنڈز رواں مالی سال 2020-21 کے لئے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی مد میں عارضی بنیادوں پر جاری کرے گا۔ ذرائع کے مطابق جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لئے جن 96آسامیوں کی منظوری دی گئی ہے، ان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کی گریڈ 21 میں ایک پوسٹ، سیکرٹری کی گریڈ20میں ایک ، ایڈیشنل سیکرٹریز کی2 اور ڈپٹی سیکرٹریزکی 6 آسامیوں کے علاوہ سسٹم انالسٹ کی 1، سیکشن آفیسر کی 7، اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر کی1، پرایؤیٹ سیکرٹریز کی 2، سپریٹنڈنٹ کی 2، پروٹوکول آفیسر کی 1 آسامی، پروگرامر کی 2، اسسٹنٹ پروٹوکول آفیسر کی 1 اور اسسٹنٹ کی 5آسامیوں کی منظوری بھی جاری کی گئی۔ اسی طرح پولیس میں ایک ڈی آئی جی، تین ایس ایس پی یا اے آئی جی، ایک پوسٹ ایس پی جبکہ دو پوسٹوں پر گریڈ17کے پولیس آفیسرز تعینات کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب گریڈ21 سے اسسٹنٹ گریڈ17تک کی 32 آسامیوں کو تنخواہوں کی مد میں ادائیگی کے لئے 23.641 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے سینئر کلرک کی 3، کمپوزر کی 2، ڈیٹا انٹری آپریٹر کی 10، ہارڈ وئیر ٹیکنیشن کی 1، نیٹ ورک ٹیکنیشین کی 2، ٹیلی فون ٹیکنیشین کی 1، جونیئر کلرک کی 2، الیکٹریشن کی 1، ہیڈ مالی کی 1، ویٹر کی 2، ڈرائیور کی 12، ڈسپیچ رائیڈر کی 2، باروچی کی 4، چوکیدار کی 4، مالی کی 1، نائب قاصد کی 10 اور سینٹری ورکر/خاکروب کی 6 آسامیوں کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ سینئر کلرک گریڈ14سے سینٹری سپروائزر گریڈ ایک تک کی مجموعی 64 آسامیوں پر تعینات ہونے والے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے 15.323 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ منظور شدہ رقم سے تنخواہ، یوٹیلٹی الاونس، آفس بلڈنگ اور فرنیچر کی خریداری کے لئے استعمال ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ خزانہ پنجاب کے سیکشن آفیسر (جی۔ ون) نے باضابطہ طور پر احکامات جاری کر دئیے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن