• news

101 سالہ بزرگ قیدی کی درخواست، ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا

لاہور( این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے 101 سالہ بزرگ قیدی کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی نے مہدی خان کی درخواست پر فیصلہ جاری کیا۔ فاضل عدالت نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کو مہدی خان کی جیل مینوئل رول 146 کے تحت درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا ۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ فیصلے کی مصدقہ نقول جاری ہونے کے 3 ہفتوں میں درخواست پر فیصلہ کیا جائے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 3 مارچ 2020 کو اے آئی جی پنجاب جیل خانہ جات عدالت میں پیش ہوئے، اے آئی جی پنجاب نے بتایا کہ مہدی خان کی درخواست ہوم ڈیپارٹمنٹ میں زیر التوا ء ہے،سیکشن آفیسر ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پیش ہوئے اور کہا کہ درخواست پر جلد از جلد فیصلہ کیا جائے گا۔مہدی خان نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کی طبعی حالت جانچنے کیلئے میڈیکل بورڈ قائم کیاجائے، عدالت سے استدعا کی گئی کہ جیل مینوئل رول 146 کے تحت رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن