ملازمین کو اضافہ کردہ بناولنٹ فنڈز کی ماہانہ گرانٹ یکم مئی سے دینے کا حکم
لاہور (سپیشل رپورٹر) حکومت پنجاب نے سرکاری ملازمین کو بناولنٹ فنڈز سے ملنے والی ماہانہ گرانٹ میں اضافہ یکم مئی سے دینے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ اس بارے میں حکومت پنجاب نے اس میں اضافہ کیا تھا جو اپریل میں کیا گیا تھا لیکن اضافی گرانٹ ملازمین کو نہیں مل رہی تھی۔ اس میں ابہام تھا کہ یہ گزشتہ سال جولائی سے دی جائے گی یا آئندہ مالی سال سے دی جائے گی جس میں اب کہا گیا ہے گریڈ 1 سے گریڈ 10 تک 27 اپریل کے بعد 3 ہزار گرانٹ دی جائے گی۔ اس سے قبل یہ گرانٹ 1950 روپے ملتی تھی۔ اسی طرح گریڈ 11 سے گریڈ 15 تک یہ گرانٹ اب 3500 دی جائے گی جبکہ یہ پہلے 2550 روپے ملتی تھی۔ گریڈ 16 اور گریڈ 17 کو یہ گرانٹ 6500 دی جائے گی جبکہ یہ گرانٹ پہلے 5250 روپے دی جاتی تھی۔ گریڈ 18 اور گریڈ 19 کو یہ گرانٹ 11500 دی جائے گی جبکہ یہ گرانٹ پہلے 9000 دی جاتی تھی۔ اسی طرح گریڈ 20 سے گریڈ 22 تک یہ گرانٹ اب 15500 دی جائے گی جو پہلے 12000 ملتی تھی۔