• news

عید کی آمد، سبزیوں کے نرخ آسمان پر، مہنگائی کی لہر سے خواتین پریشان

لاہور (کامرس رپورٹر) عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی گوشت میں استعمال ہونے والی سبزیوںسمیت دیگر سبزیوں کی گراں فروشی میں اضافہ ہو گیا، جبکہ پرچون سطح پر ایک کلو چینی کی قیمت بھی2 روپے اضافے کے ساتھ چینی 92 روپے ہو گئی ہے۔ صرف یہی نہیں کچھ علاقوں میں تو ایک کلو چینی 100روپے کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔ مختلف علاقوں کے رہائشیوں نے رابطہ کر کے بتایا کہ ایک کلو آلو کچا چھلکا اول کی قیمت 78روپے مقرر ہے لیکن دکاندار 95 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ ایک کلو پیاز 35روپے کی بجائے 50روپے، ٹماٹر 80روپے کی بجائے 120 روپے، لہسن دیسی 180روپے کی بجائے 250روپے، لہسن چائنہ 145 روپے کی بجائے230 روپے، ادرک چائنہ 395روپے کی بجائے 480روپے، کریلے 30 روپے کی بجائے 60 روپے، سبز مرچ 108 روپے کی بجائے 190روپے، شملہ مرچ 78روپے کی بجائے 120روپے، لیموں دیسی 100 روپے کی بجائے 135 روپے، بھنڈی 88روپے کی بجائے 100 روپے، بینگن 52روپے کی بجائے 70 روپے، اروی 88 روپے کی بجائے 100روپے اور ایک کلو دیسی ٹینڈے 78 روپے کی بجائے 100روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ حکومت گراں فروشی کی روک تھام میں ناکام ہو گئی ہے۔ ہر سال تہوار کے مواقع پر ناجائز منافع خور غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹتے ہیں لیکن آج تک گراں فروشی پر قابو نہیں پایا جا سکا۔

ای پیپر-دی نیشن