• news

حکومت نیب قوانین بدلنے پر آمادہ، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے 8 بل تیار کرلئے: شاہ محمود

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرپشن فری پاکستان سب کی ضرورت ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ 10 سال تک نیب قوانین میں بہتری نہیں لاسکیں، گرے لسٹ سے نکلنے کے لیے قانون سازی ضروری ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے 8 قوانین پرلا، فنانس منسٹری کے ساتھ مشاورت کی ہے۔ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں کرونا وائرس کے انفیکشن میں بتدریج کمی آرہی ہے۔ ماہرین کے تجزیے تھے کہ حکومت کی کووڈ 19 مینجمنٹ سے لوگ مطمئن نظر نہیں آ رہے تھے ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کے تجزیے کے مطابق 30جولائی تک پاکستان میں 12لاکھ کرونا سے متاثر مریض اور 50ہزار کے قریب اموات ہونی تھیں، اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اللہ نے پاکستان کو محفوظ رکھا۔ وفاقی وزیر خارجہ کا بات کو جاری رکھتے ہوئے کہنا تھا کہ وبا سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر کا انتقال ہوا، میری دعا ہے کہ اللہ انہیں اور اس وبا سے جاں بحق دیگر افراد کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہلخانہ کو صبر عطافرمائے۔ شاہ محود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری سمارٹ لاک ڈاؤن کی جو حکمت عملی تھی، وہ کارآمد ثابت ہوئی اور آج دنیا نے اس کی تقلید کی ہے اور عمران خان صاحب نے جو وژن دیا تھا ، آج دنیا کے بہت سے ممالک اس کی پیروی کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا انفیکشن ریٹ بتدریج کم ہو رہا ہے، اموات بتدریج کم ہو رہی ہیں، ہسپتالوں پر دباؤ اور وینٹی لیٹرز پر لوگ کم ہو رہے ہیں اور اللہ نے چاہا تو ہم اس بیماری کو ختم کرنے کے قریب ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں ماہ محرم میں اگلے چیلنج کا سامنا کرنا ہے، محرم میں عزاداری ہوتی ہے، ہمیں ا سکا پورا احترام اور اس کی اہمیت کا احساس ہے لیکن علما و مشائخ سمیت دینی اکابرین سے درخواست ہے کہ وہ ایس او پیز پر عمل کروائیں اور اپنے طبقے کو محفوظ کرنے کے لیے تعاون کریں ۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے جنوبی پنجاب کے لیے ایک علیحدہ پبلک سروس کمشن قائم کیا جائے، صوبہ بننے میں وقت لگے گا، ہمارے پاس ٹوتھرڈ میجورٹی نہیں۔ جنوبی پنجاب صوبہ بننے سے لوگوں کے مسائل حل ہوں گے۔ جنوبی پنجاب کا دارالخلافہ کا فیصلہ چند لوگ نہیں کریں گے۔ یہ فیصلہ میرٹ پر کیا جائے گا۔ میری رائے میں صوبائی دارالحکومت ملتان کو ہونا چاہیے۔ نئے صوبے کے قیام میں پیشرفت پروزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کے شکرگزارہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم کے لیے بھی ایک بل تیارکیا گیا ہے۔ تمام بلزمشاورت کے لیے اپوزیشن کوبھیج دیئے ہیں۔ پیرکواپوزیشن کے ساتھ نشست ہوگی ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اتوار کو اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے الیکٹ ہونے والے صدر پاکستان آرہے ہیں، اقوام متحدہ کے صدر پاکستان کی دعوت پر پاکستان آرہے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں تبدیلی کے لئے تیار ہیں۔ وزیراعظم کے حکم پر اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر قومی نوعیت کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کو روکنے کیلئے 8 بل تیار کئے ہیں جو اپوزیشن کو بھیج دیئے گئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن