• news

مشکل وقت گزر گیا، اب اچھے دنوں کا آغاز، پرانے نظریاتی دوستوں کو نہیں بھولیں گے: عمران

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت اور فلاح عامہ کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے اور منفی سیاست کا جواب عوامی خدمت سے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان تحریک انصاف زاہد حسین کاظمی نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ ساتھی و مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان تحریک انصاف زاہد حسین کاظمی نے عمران خان سے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی فلاح کا سفر جاری رہے گا۔ منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو عوامی خدمت کے ذریعے جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کامیاب رہی اور آج پوری دنیا اس پر عمل پیرا ہو کر کرونا سے بچاؤ کو یقینی بنا رہی ہے۔ وزیراعظم نے مرکزی نائب صدر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کبھی اپنے پرانے اور نظریاتی ساتھیوں کو نہیں بھولے گی۔ مشکل وقت گزر چکا ہے انشاء اللہ اب اچھے دنوں کا آغاز ہوگا۔ 22 سالہ نئے پاکستان کی جدوجہد میں پرانے اور نظریاتی ساتھیوں کی بدولت آخر کار کامیابی ملی۔ پرانے ورکرز پاکستان تحریک انصاف کا قیمتی اثاثہ ہیں جن کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے مرکزی نائب صدر کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی زاہد حسین کاظمی اپنی صلاحیتیوں کو بروکار لاتے ہوئے پارٹی کو مضبوط اور منظم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ کرونا وبا کے خلاف پاکستانی عوام نے حکومتی ایس او پیز پر عمل کیا جس کے خاطرخواہ نتائج نکلے، عیدالاضحیٰ پر بھی عوام کو کرونا سے بچائو کے لئے حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہونا ہوگا تاکہ اس موذی مرض سے بچائو ممکن ہو سکے۔

ای پیپر-دی نیشن