• news

سعودی عرب کی سالمیت کیلئے تعاون جاری رکھیں گے، شاہ محمود: ہم منصب کو فون

اسلام آباد +مکہ مکرمہ(سٹاف رپورٹر+ممتاز احمد بڈانی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا۔ اور انہیں یقین دلایا کہ سعودی عرب کی سالمیت کیلئے پاکستان تمام تر تعاون جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران گفتگو، کرونا وبائی صورتحال سمیت دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے اپنی اور وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت کے حوالے سے خیریت دریافت کی۔ سعودی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز پتے کی کامیاب سرجری کے بعد تیزی سے رو بصحت ہو رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے ان کی جلد صحت یابی اور درازی عمر کیلئے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے سعودی ہم منصب کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے سبب نہ صرف کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح کم ہوئی بلکہ شرح اموات میں بھی کافی حد تک کمی واقع ہوئی۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب میں بھی کرونا وبائی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے حال ہی میں سعودی عرب کی دفاعی تنصیبات پر حوثی ملیشیا کی طرف سے کئے گئے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے سعودی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ پاکستان سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھے گا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین امسال حج کی محدود ادائیگی اور اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ وزرائے خارجہ میں کرونا وبائی صورتحال سمیت اہم علاقائی و دو طرفہ امور پر باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن