ملک میں احتساب ہے نہ انصاف ‘ ادارے خط وکتابت سے آگے بڑھیں:خرم گنڈاپور
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف ہے نہ احتساب ،ادارے خط و کتابت سے آگے بڑھیں اور احتساب اور انصاف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کریں۔انصاف اور احتساب کو یقینی بنانے کیلئے حکومت کی طرف سے فنڈز کی کمی کا رونا رونے پر افسوس ہوا۔وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں عوامی تحریک کے رہنمائوں میاں ریحان مقبول،راجہ زاہد محمود،عارف چوہدری،افضل گجر و دیگر رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ عدالتیں کہتی ہیں کہ نیب کام نہیں کر رہا ۔نیب کے چیئرمین کہتے ہیں فیصلوں میں تاخیر کی ذمہ دار عدالتیں ہیں عوام سب کا منہ دیکھ رہے ہیں۔یہ بات ناقابل تردید حقیقت ہے کہ ملک میں احتساب اور انصاف دونوں مفقود ہیں۔دو سال میں لوٹ مار کے میگا کیسز میں کسی کو سزا نہیں ہوئی اور اگر کسی کو ہوئی تو وہ لندن میں اسی محل میں بیٹھا ہے جس محل کی منی ٹریل نہ دے سکنے پر اسے سزا ہوئی تھی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں انصاف اور احتساب نام کی کوئی چیز ہوتی تو سانحہ ماڈل ٹائون کے قاتل کھلے عام دندناتے نہ پھرتے اور انصاف مانگنے والے مظلوم جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بند نہ ہوتے ۔