فضل الرحمان کے بھائی کی خدمات سندھ سے واپس‘ خیبر پی کے رپورٹ کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کی تقرری کے معاملے پر سندھ حکومت کو دی گئی خدمات واپس لے لیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرف سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس میں ضیاء الرحمان کو خیبرپی کے حکومت کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قبل ازیں سندھ حکومت کی جانب سے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی درخواست پر ضیاء الرحمان کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر سینٹرل ڈسٹرکٹ کی اہم پوزیشن پر تعینات کیا گیا تھا۔ خیبرپی کے میں خدمات سرانجام دینے والے ضیاء الرحمان کے سندھ تبادلے پر تحریک انصاف کو شدید تحفظات تھے اور پارٹی رہنما حلیم عادل شیخ نے معاملے پر عدالت جانے کا اشارہ دیا تھا۔ واضح رہے فضل الرحمن کے بھائی ن لیگی دور میں ڈپٹی کمشنر خوشاب بھی تعینات رہے ہیں۔