شوگر مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ حکومت کے 3 صوبوں، نیب، ایف آئی اے سمیت متعلقہ اداروں کو خطوط
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حکومت نے شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈائون کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شوگر انکوائری کمشن کی رپورٹ کی بنیاد پر نیب، ایف بی آر، ایس ای سی پی اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان، مسابقتی کمشن آف پاکستان اور تین صوبوں پنجاب خیبر پی کے اور سندھ کے چیف سیکرٹریز کو بھی خط لکھ دیئے گئے ہیں۔ وزیر اعظم کے مشیر برائے داخلہ و احتساب بیرسٹر مرزا شہزاد اکبر کی جانب سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، قومی احتساب بیورو (نیب)، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، مسابقتی کمشن آف پاکستان (سی سی پی) اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو خطوط لکھے گئے ہیں اور تمام اداروں سے کہا گیا ہے کہ 90روز کے اندر اپنی رپورٹ پیش کریں۔ تمام داروں کو شوگر کمیشن کی رپورٹ بھی ارسال کی گئی ہے اور تمام اداروں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ جو جو ان اداروں سے متعلقہ معاملات ہیں ان معاملات کی تحقیقات کریں اور 90روز کے اندر حکومت کو رپورٹ دیں کہ کیوں شوگر کارٹیل کے خلاف ایکشن نہیں لیا گیا اور چینی کی ذخیرہ اندوزی اور یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو چینی کی عدم فراہمی کی تحقیقات کا بھی کہا گیا ہے۔ کم قیمت پر گنا خرید کر زیادہ قیمت پر چینی بیچنے کے معاملہ کی تحقیقات کا بھی حکم دیا گیا ہے اور اس معاملہ پر بھی شوگر ملوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔