کراچی، ناقص نکاسی آب پر پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کا احتجاج، نعرے
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے کراچی سے تعلق رکھنے والے ارکان شہر میں نکاسی آب کے ناقص انتظامات پر سندھ حکومت کیخلاف شدید احتجاج کیا اور اس کے خلاف نعرے بازی کی۔ بلاول بھٹو زرداری بڑے بڑے بھاشن دینے کی بجائے کراچی میں نکاسی آب کا پلان دیں۔ پی ٹی آئی کے کراچی کے ارکان نے کہا کہ ایک آئن سٹائن نے کہا تھا بارش زیادہ ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے، مگر اب بارش تو کم ہوئی مگر پانی زیادہ آ گیا ہے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کو تباہ کرنے کا منصوبہ بنایا، کراچی تباہ ہوگا تو معیشت تباہ ہوگی۔ اٹھارویں ترمیم کی آڑ میں کراچی کے ساتھ ظلم و زیادتی ہو رہی ہے۔ وزیر بلدیات کو بلا کر پوچھ تو لیں گاڑیاں پانی میں کیسے تیر رہی ہیں۔ لوگوں کو بتادیں کشتیاں لے لیں۔ عالمگیر خان نے کہا کہ کراچی کی صورتحال میں کچی آبادیاں بارش سے تباہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ تیس سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے کیا کیا؟۔ اڑھائی سو چھوٹے اور اڑتیس بڑے نالے کیوں سارا سال صاف نہیں کئے گئے۔ میئر کراچی کو فنڈز نہیں دیئے جا رہے۔ فہیم خان نے کہا کہ اجرک میری شان ہے اجرک میری ثقافت ہے، لیکن اجرک پر کوئی سیاست نہ کی جائے۔ آفتاب صدیقی نے بلاول پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آئن سٹائن نے تھیوری دی تھی زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے،کل 28 ملی میٹر کی اوسطا بارش ہوئی کراچی ڈوب گیا۔