• news

ریاست مدینہ کے دعویداروں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا: سراج الحق

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ مدینے کی ریاست بنانے کا دعویٰ کرنے والی حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ،کشکول توڑنے اور آئی ایم ایف سے ناطہ توڑنے والی پارٹی نے آئی ایم ایف کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے،15میں سے 7مشیر آئی ایم ایف کے آلہ کار بن کر حکومت کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ سابق حکومتوں نے31سو ارب قرضہ لیا جبکہ موجودہ حکومت نے دوسالوں میں42سو ارب کا قرضہ لیکر ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ پاکستان کی نظریاتی سوچ کو شدید دھچکا پہنچایا،72 سالوں میں بھارت کو مقبوضہ کشمیر کو اپنا مستقل حصہ بنانے کی ہمت نہ ہوسکی۔ موجودہ حکومت کے دور میں انڈیا نے آرڈیننس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کو اٹوٹ انگ بنا لیا اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پر ظلم وبربریت کے وہ پہاڑ توڑے جس کی کہیں مثال نہیں مل سکتی۔ وہ اسلامک سنٹر ماڈل کالونی میں ضمنی الیکشن پی پی 51 کے سلسلہ میں اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جاوید قصوری، بلال قدرت بٹ، ناصر محمود کلیر، محمد مشتاق بٹ،حافظ غلام مصطفی، وسیم شاہد اولکھ ، صابر حسین بٹ، وقاص احمد بٹ، ذبیح اللہ ملک، زمان حیدر چیمہ، عقیل احمد، سمیت متعدد کارکنان وذمہ داران موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی سندھی وڈیرے، لاہور کے کرپٹ سیاستدانوں کی لوٹ کھسوٹ کی حصہ دار نہیں بنے گی۔ جماعت اسلامی الیکشن میں اس لئے حصہ لیتی ہے کہ ہم صوبائی اور قومی اسمبلی جا کر پسے اور پسماندہ طبقوں کی آواز بن کر حق وسچ کے پرچم کو بلند کرسکیں اور ارض پاک پر اللہ کے قانون کا نفاذ ممکن کروا سکیں اب تو عدلیہ بھی کہ رہی ہے آئین کی شق نمبر61,62 پراگر تولا جائے تو صرف جماعت اسلامی ہی پورا اترتی ہے۔ پی پی51میں جنرل الیکشن میں محمد مشتاق بٹ نے کسی جماعت کے تعا ون کے بغیر پنجاب بھر میں سب سے زیادہ ووٹ لئے اب اس حلقہ میں چوہدری ناصر محمود کلیر جماعت اسلامی کے امیدوار مشاورت اور جمہوری طریقے سے نامزد کئے گئے ہیں۔ انشاء اللہ جیت جماعت اسلامی کے امیدوار ناصر محمود کلیر کا مقدر ہوگی ۔

ای پیپر-دی نیشن