• news

گوجرانوالہ: چوری کے ملزم کی حوالات میں پر اسرار ہلاکت‘ پھندا لیا‘ پولیس

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) تھانہ دھلے کی حوالات میں ملزم جاں بحق ہو گیا۔ ملزم شفیق کو چوری کے مقدمہ میں ایک روز قبل پسرور سے گرفتار کرکے لایا گیا تھا۔ مبینہ طور پر ملزم نے اپنی شلوار سے ازاربند نکال کر پھندا لیا ہے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی موجود ہے۔ پولیس کا موقف۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ دھلے پولیس نے ایک روز قبل پسرور سے شفیق نامی شخص کو چوری کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا۔ حوالات میں قید ملزم گزشتہ روز پر اسرار طور پر مردہ حالت میں پایا گیا۔ ملزم کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ملتے ہی اہل خانہ تھانہ کے باہر جمع ہو گئے اور احتجاجی مطاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ پولیس کے مطابق ملزم مقدمہ نمبر605/20 میں گرفتار تھا رات گئے ملزم نے واش روم میں اپنی شلوار سے ازاربند نکالا اور گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کی۔ حوالات میں دیگر ملزمان بھی موجود تھے جو اس وقت سوئے ہوئے تھے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حوالات میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں خودکشی کی ویڈیو بھی موجود ہے۔ مزید تحقیقات کررہے ہیں جلد حقائق سامنے رکھے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن