• news

سابق ہاکی اولمپیئن اسد ملک ٹریفک حادثے میں انتقال کر گئے، بیٹی شدید زخمی

لاہور+جنڈیالہ شیرخان(سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار) سابق ہاکی اولمپیئن و کپتان اسد ملک ٹریفک حادثہ میں انتقال کر گئے جبکہ انکی بیٹی شدید زخمی ہو گئی۔ اسد ملک نے میکسیکو اولمپک میں گولڈ جبکہ ٹوکیو اولمپک اور میونخ اولمپکس مقابلوں میں پاکستان کے لیے سلور میڈل جیتا تھا۔ اسد ملک کی گاڑی کو فیض پور انٹرچینج پر حادثہ پیش آ گیا جس پر اسد ملک موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کی بیٹی شدید زخمی ہو گئی تھی جس کو میؤ ہسپتال لاہور بھجوا دیا گیا تاہم بعد ازاں ان کی بیٹی کو میؤ ہسپتال سے شالامار ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسد ملک کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر جناح پارک شیخوپورہ میں ادا کی جائے گی۔ اسد ملک کے چھوٹے بھائی سعید انور کے علاوہ بھتیجے انجم سعید اور نعیم امجد بھی اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئر (ر) خالد سجاد کھوکھر، سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے اسد ملک کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن