• news

مقبوضہ کشمیر میں نماز عید اجتماعات پر پابندی کی مذمت‘ عالمی برادری نوٹس لے: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں عیدالاضحٰی کی نماز کے اجتماعات پر پابندی عائد کرنے کی مذمت کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی کیلنڈر کے اہم ترین دن کے موقع پر یہ پابندی عائد کرنا نہ صرف کشمیری عوام کے جذبات کی توہین ہے بلکہ بھارتی حکومت کی طرف سے کشمیریوں کے بنیادی حق مذہب کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی حکام کووڈ۔19 کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے دینی آزادی کے حق پر قدغن عائد کر رہے ہیں۔ اس کے برعکس بی جے پی کی حکومت دیگر مذہبی سرگرمیوں کی کھلی آزادی دے رہی ہے ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور انسانی حقوق کے اداروں سے کہا ہے کہ وہ بھارتی حکام کی طرف سے کشمیری عوام کے بنیادی مذہبی حقوق پر پابندیوں کا نوٹس لیں جو کہ عالمی قوانین اور معاہدوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بھارت کو سمجھ لینا چاہئے کہ وہ ان جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کے عزم کو ختم نہیں کر سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن