کرونا، مزید 26 افراد جاں بحق، کل اموات 5785 ، عالمی ہلاکتیں6 لاکھ 56 ہزار 550
اسلام آباد‘ لندن‘ نیویارک (خصوصی نمائندہ‘ نوائے وقت رپورٹ‘ صباح نیوز‘ این این آئی‘ بیورو رپورٹ) ملک بھر میں کرونا وائرس سے مزید 26افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 5881جبکہ 1176نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 276043ہو گئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 20 افراد اس موذی وبا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے، اموات 5881ہو گئیں ،1176نئے کیسز سامنے آئے۔ کرونا وائرس کے ملک میں 27 ہزار 421 مریض اب بھی ہسپتا لوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 ہزار 229 افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 2 لاکھ 42 ہزار436 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ سندھ میں کرونا کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 1 لاکھ 18 ہزار 311 ہو چکی ہے، جبکہ یہاں اس موذی وائرس سے اموات بھی دیگر صوبوں سے بڑھ کر 2 ہزار 151 ہو گئیں۔ پنجاب میں اب تک 92 ہزار 279مریض سامنے آئے ہلاکتیں 2 ہزار 116 ۔خیبر پی کے میں مریضوں کی تعداد 33 ہزار570 اموات 1 ہزار 178 اسلام آباد میں 14 ہزار938 کرونا وائرس سے متاثرہ مریض جبکہ 164 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ بلوچستان میں 11 ہزار 601 مریض 136 افراد انتقال کر چکے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں اب تک 2 ہزار 34 مریض رپورٹ 49 مریض وفات پا چکے ۔گلگت بلتستان میں 2010کرونا وائرس کے مریض 48 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک بھر میں اب تک کل 18 لاکھ 90 ہزار 236 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ عالی وبا کرونا وائرس کے باعث دنیا میں 6 لاکھ 56 ہزار 550 اموات ہوچکی ہیں اور ایک کروڑ 66 لاکھ 44 ہزار 67 افراد متاثر ہوئے جبکہ ایک کروڑ دو لاکھ 32 ہزار 50 مریض صحتیاب ہو گئے۔ امریکہ میں کرونا سے اموات کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 50 ہزار 444 برازیل میں87 ہزار 679اموات ہوئی ہیں۔ بھارت میں 33ہزار 488افراد روس میں اموات کی مجموعی تعداد 13ہزار 354‘جنوبی افریقہ میں 7ہزار 67ہو گئی ہے۔ سپین میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 28ہزار 434‘برطانیہ میں 45 ہزار 759 ہو گئی ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے عید کے بعد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کھولنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا عید کے بعد این سی او سی کا اجلاس بلا کر فیصلہ کریں گے۔ وفاقی وزیر اسد عمر سے آل پاکستان ویڈنگ ہالز و ریسٹورنٹس کے وفد کی ملاقات ہوئی۔ وفد کی نمائندگی خالد ایوب‘ حبیب اللہ سمیت دیگر نے کی۔ ملاقات میں وفد نے ایس او پیزکے ساتھ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کھولنے کی درخواست کی جس پر اسد عمر نے عید کے بعد شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کھولنے کا عندیہ دیدیا۔ اسد عمر کا کہنا تھا کہ عید کے بعد این سی او سی کا اجلاس بلا کر فیصلہ کریں گے۔آزادکشمیر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید15 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور61کرونا کے مریض صحت یاب ہوئے جبکہ268نئے افراد کے کرونا کے شبہ میں ٹیسٹ لیے گئے اور ایک شخص کی کرونا کی وجہ سے موت ہوئی۔ نئے سامنے آنے والے کیسز میں سے8کا تعلق مظفرآباد،6کا پونچھ اور ایک کا کوٹلی سے ہے جبکہ کوٹلی میں ایک شخص کی کرونا کی وجہ سے موت ہوئی۔ آزادکشمیر میں اب تک25368 افرادکے ٹیسٹ لیے گئے ہیں اور2055افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے جن میں سے1543افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور انہیں ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ سندھ پولیس کے ایک اور افسرکرونا کے باعث انتقال کرگئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق انتقال کرنے والے ڈی ایس پی عبدالستارکشمیری ٹنڈو غلام حیدر میں تعینات تھے۔