• news

کرونا میں نوازشریف کا باہر نکلنا جان لیوا ہو سکتا ہے، میڈیکل رپورٹ ہائیکورٹ جمع

لاہور‘ لندن (وقائع نگارخصوصی‘ عارف چودھری) لندن میں زیر علاج نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرادی گئی۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے رپورٹس رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں جس میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے کرونا کے باعث سابق وزیراعظم کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کی ہے کیونکہ ڈاکٹروں کا اندیشہ ہے کہ وبا کے دوران نواز شریف کو گھر سے باہر جانے کی اجازت دی گئی تو یہ وبا ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے۔ نواز شریف پلیٹ لیٹس، شوگر، دل، گردے اور ہائی بلڈ پریشر کے امراض میں مبتلا ہیں۔ اس لیے ان کا کرونا کے دوران باہر نکلنا جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے دل کو خون کی مناسب سپلائی نہیں ہو رہی۔ رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے نوازشریف کو جسمانی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ طبی ماہرین سے مشورے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیکل رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کرونا کے دوران نواز شریف کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹرز ان کی صحت سے ہر وقت آگاہ ہیں۔ نواز شریف اپنی علاج گاہ کے قریب ترین رہیں۔ دل کے مرض کی وجہ سے انتہائی خطرے میں ہیں۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کو 4دسمبر 15دسمبر 2019ء کو بھی عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنایا جا چکا ہے۔ نواز شریف کی 13جنوری 12فروری 18مارچ 28اپریل کو بھی میڈیکل رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کرائی جا چکی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن