• news

کسی نے اشتعال دلایا تو پوری طاقت کیساتھ جواب دیا جائیگا: جنرل باجوہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کسی نے ہمیں اشتعال دلایا تو اسے پوری طاقت کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری دفاعی اور آپریشنل تیاریاں، ملک کے اندر اور باہر امن کو یقینی بنانے کیلئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا میں چین اور یوکرین کے تعاون سے تیار کردہ ٹینک الخالد۔ ون کو فوج کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی مصنوعات اور ان کے تکنیکی معیار اور ادارے کی استعداد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کی طرف سے خو د انحصاری اور عالمی معیار کی ایسی مصنوعات تیار کرنے پر تعریف کی جن کی سلامتی کے ابھرتے ہوئے ماحول میں اشد ضرورت ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ اس تقریب کے دوران الخالد۔ ون، بری فوج کی آرمرڈ کور کے حوالے کیا گیا ہے۔ دوران تقریب الخالد ون نے، اپنے تحرک، رفتار، اپنی نقل و حرکت کو چھپانے کیلئے دھویں کی سکرین پیدا کرنے، اور فائر کنٹرول سمیت اپنی صلاحیتوں کے شاندار مظاہرے کئے۔ الخالد ون کو ان فارمیشنوں کے سپرد کیا جا رہا ہے جن کا دوران جنگ اہم اور فیصلہ کن کردار ہوتا ہے۔ ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلاکے چئیرمین میجر جنرل سید عامر رضا نے ادارے کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور خود انحصاری کیلئے کاوشوں پر روشنی ڈالی۔

ای پیپر-دی نیشن