پٹرول بحران کے ذمہ داروں کو انجام تک پہنچائینگے، عمران: کابینہ نے انکوائری کمشن کی منظوری دیدی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے پٹرول بحران کے ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی کابینہ نے پٹرول بحران پر کمیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی۔ منگل کووزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جب کہ متعدد نکات کی منظوری دے دی گئی ۔وفاقی کابینہ نے گندم درآمد کرنے کی بھی منظوری دے دی جب کہ چینی کے معاملے پروزیراعظم کی سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چینی بحران ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا۔یورو فائیو ڈیزل اورپیٹرول کی درآمد سے متعلق ایجنڈا بھی منظور کرلیا گیا۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پٹرول کی قلت میں جو بھی ذمے دار ہوگا کارروائی کی جائے گی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کراچی والوں کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا، وفاقی حکومت سندھ کے عوام کیلئے جو بھی کر سکی کرے گی، عید الاضحی کے فوری بعد میڈیا بقایاجات کا معاملہ حل کر لیا جائے گا بلاول بھٹو شہبازشریف سے مل رہے ہیں، ان دونوں کے بغل میں چھری اور منہ پر رام رام ہے انہوں نے کہا کہ کراچی کی صورتحال دیکھ کر لگتا ہے وہاں کوئی حکومت ہی نہیں، سندھ حکومت نے کراچی کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا، پتہ نہیں اربوں، کھربوں کا بجٹ کہاں استعمال ہوا؟ کراچی کے ایم پی ایز اور ایم این ایز کو لوگوں سے رابطے کیلئے کہا ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے 22جولائی 2020کے اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی ہے کابینہ اجلا س میں اعظم سواتی نے الیکشن ریفارمز پر بریفنگ دی ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گندم پر 6ارب روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، تمام صوبوں کے پاس اپنے گندم کے ذخائر موجود ہیں، گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ چینی اور آٹے کی قیمت اور سپلائی پر وزیراعظم کی نظر ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کو کم قیمت اور اچھی کوالٹی کا آٹا فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کورونا کیسز میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عیدالاضحی پر احتیاط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کی تکلیف کا فوری ازالہ کیا جائے۔ سندھ پر پیپلز پارٹی کی طویل عرصے سے حکومت ہے، ان کی کارکردگی سامنے ہے۔بیماریاں بھی پھیلیں گی۔ سندھ حکومت اس حوالے سے ذمہ دار اور جواب دہ ہے۔سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کامیاب رہی۔ اب عید کے موقع پر عوام ذمہ داری کا ثبوت دیں۔ کئی ممالک میں بے احتیاطی سے دوبارہ یہ بیماری پھیلی ہے۔ عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا چینی ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف جلدکارروائی کی جائے اور ذخیرہ اندوزی کیخلاف چھاپے مارے جائیں گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ الیکشن اصلاحات کے حوالے سے مجوزہ بل کو کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی، کابینہ اور اسمبلی کے سامنے پیش کرنے کے عمل کو تیز کیا جائے۔ کابینہ نے کراچی کی صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نوٹ کیا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد شہری سہولیات کی فراہمی اور مقامی حکومتوں کو فعال بنانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ عیدالضحیٰ کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔کابینہ نے حالیہ دنوں میں تعمیرانی شعبے کی سرگرمیوں میں 16فیصد اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کابینہ کی ہدایت کے مطابق مختلف وزارتوں کی جانب سے میڈیا کے بقایا جات کی ادائیگیوں کا عمل جاری ہے اور ہر وزارت کی جانب سے وزارتِ اطلاعات کو رپورٹ بھجوائی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ادائیگیوں میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام وزارتیں اور محکمے میڈیا کے بقایا جات کی فوری ادائیگی یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے کابینہ اجلاس میں عمل درآمد رپورٹ دوبارہ پیش کی جائے۔ کابینہ نے گذشتہ دنوں پٹرول کی قلت اور دیگر متعلقہ معاملات کی تفصیلی انکوائری کرنے کے لئے انکوائری کمیشن تشکیل دینے اور اس کے ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری دی۔ انکوائری کمیشن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ابو بکر خدا بخش (بطور چئیرمین)، اٹارنی جنرل کے نمائندے، آئی بی اور ایف آئی اے کے نمائندے، ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب، سابق ڈی جی آئل پٹرولیم ڈویڑن راشد فاروق اور سی ای او پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان عاصم مرتضیٰ پر مشتمل ہوگا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 جولائی2020 میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی۔ ان فیصلوں میں این سی او سی سٹیک ہولڈرز اور گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹس کے لئے این آئی ٹی بی کی جانب سے سسٹم کی تنصیب، ڈیٹا اینیلیٹکس، ماڈلنگ اور موبائل ایپلیکیشز بنانا، تمباکو کی کم سے کم انڈیکیٹیو پرائسز (Minimum Indicative Prices of Tobacco) برائے سال 2020، بلوچستان میں معدنیات کے شعبے کے فروغ کے لیے بلوچستان منرل ایکسپلوریشن کمپنی لمیٹیڈ، کرونا کے حوالے سے وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ فسکل پیکیج، اور ہاؤسنگ فنانس کے لئے مارک اپ سبسڈی شامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ زرعی شعبے کو کوویڈ کی صورتحال سے محفوظ رکھنے اور شعبے کی حکومت کی جانب سے پچاس ارب کی سبسڈی کی فراہمی کے حوالے سے کوشش کی جائے کہ حکومتی سبسڈی ٹارگٹیڈ (Targetted) انداز میں فراہم کی جائے۔کابینہ نے چئیرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت میں گرین ایریاز کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔ کابینہ نے اس امر کا اعادہ کیا کہ گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی تیز کی جائے۔وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ 5اگست2020ء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی بھر پور مذمت کی جائے گی، وزیراعظم عمران خان کشمیر کا دورہ کریں گے اور سینٹ کا بھی خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے۔ شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حقیقی معنوں میں کشمیر کی وکالت کرتے ہوئے دنیا کے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے ، مولانا فضل الرحمان جو آجکل ادھر ادھر گھوم پھر رہے ہیں ان سے کبھی پوچھا کہ بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی ،کشمیر کا مسئلہ کہاں کہاں اٹھایا ۔وزیراعظم عمران خان سے پنجاب کے وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے یہاں ملاقات کی۔ علاوہ ازیں وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں انٹرنیٹ کی وسیع اور بہتر کوریج کو یقینی بنانے اور ٹیلی کام شعبے سے متعلقہ امور پر غور کرنے کے لئے منگل کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شفقت محمود، محمد حماد اظہر، امین الحق، اسد عمر، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی تانیہ ایدرس، سیکرٹری انفارمیش ٹیکنالوجی ڈویژن، چئیرمین پی ٹی اے ، سی ای او یونیورسل سروس فنڈ و دیگر حکام شریک ہوئے۔ وزیرِ اعظم نے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ٹیلی سکولنگ اور انٹرنیٹ کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لئے ضروری ہے کہ انہیں تعلیم کے حصول میں آسانیاں فراہم کی جائیں۔ نوجوانوں تک انٹرنیٹ کی آسان رسائی، سستے پیکیجز کی فراہمی اور ٹیلی کام سیکٹر سے متعلقہ ایشوز کے حل کے لئے ہدایت کی کہ ان معاملات کو اقتصادی رابطہ کمیٹی میں زیر غور لایا جائے اور آئندہ دو ہفتوں میں اس حوالے سے فیصلے کیے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے 9 اگست کو ٹائیگر فورس ڈے منانے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا شجرکاری مہم میں ٹائیگر فورس کی مہم کا خود حصہ بنوں گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ارکان اسمبلی اور وزرائے اعلیٰ بھی مہم میں حصہ لیں گے، 2023 تک 10 ارب درخت لگانے ہیں، آلودگی کی وجہ سے لوگوں کی صحت پر اثر پڑ رہا ہے، گلوبل وارمنگ کے باعث پاکستان 10 متاثرہ ممالک میں شامل ہے، 9 اگست کو ملک بھر میں شجرکاری کریں گے، ٹائیگر فورس شجرکاری مہم کی قیادت کرے گی۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ملاقات کی جس میں ملک بھر میں ٹائیگر فورس ڈے منانے کی تیاریوں پر مشاورت کی گئی۔ ٹائیگر فورس سے متعلق چین کی جانب سے لکھا گیا خط بھی وزیراعظم کو پیش کیا گیا، عمران خان نے عالمی سطح پر ٹائیگر فورس کی پذیرائی پر مسرت ہوئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں۔ کرونا صورتحال میں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔